ایلس ویلز ریٹائرڈ،جنوبی ایشیا کیلئے تھامس ایل نئے امریکی سفیر نامزد

ایلس ویلز ریٹائرڈ،جنوبی ایشیا کیلئے تھامس ایل نئے امریکی سفیر نامزد

  

واشنگٹن(آئی این پی) جنوبی ایشیا کیلئے اعلیٰ امریکی سفیر ایلس ویلز کی 22مئی کو ریٹائرمنٹ کے بعد ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری تھامس ایل وجدا امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں اس خطے کے امور دیکھیں گے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ نے اس بڑی تبدیلی کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ میں ایلس ویلز کی منصفانہ تجاویز، جنوبی و وسطی ایشیا میں تعلقات بنانے اور چیلنجز سے نمٹنے کو یاد کروں گا۔میں ایلس ویلز کی ہماری ٹیم کے اہداف پورے کرنے اور امریکا کی کامیابی کیلئے لگن کو پسند کرتا ہوں، ہم ان کی سروس کے شکر گزار ہیں اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔علاوہ ازیں میڈیا کو دئیے گئے پیغام میں اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے تصدیق کی کہ ایلس ویلز 22مئی کو ریٹائر ہوں گی اور تھامس ایل وجدا جنوب اور وسطی ایشیائی امور کے قائم مقام سینئر حکام کے عہدے پر اپنی خدمات انجام دیں گے۔اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ ایلس ویلز نے اپنی ذمہ داریوں میں خطے میں سفارتی اور معاشی تعلقات مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔واضح رہے کہ ایلس ویلز زیادہ تر ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں جنوبی اور وسطی ایشیا کی قائم مقام اسسٹنٹ سیکریٹری برائے مملکت کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں۔ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ اپنے 31سالہ تعلق کے دوران ایلس ویلز نے نئی دہلی اور اسلام آباد دونوں ممالک میں امریکی سفارت خانوں میں بطور پولیٹیکل آفیسر بھی خدمات انجام دیں۔

ایلس ویلز

مزید :

صفحہ اول -