ماہ رمضان کااحترام نہ ہی وبا کا خوف، کراچی کے ایک گھر سے چھاپے کے دوران پولیس کو کیاملا؟افسوسناک خبر
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)چند بے حس لوگوں کو ماہ مقدس کااحترام ہے نہ ہی کورونا جیسی عالمی وبا کا کوئی خوف کہ وہ اس صورتحال میں بھی ذخیرہ اندوزی جیسی شرمناک حرکت سے باز نہیں آرہے۔
کراچی میں پولیس نے خفیہ اطلاعات ملنے کے بعد ایک گھر پر چھاپہ مارا تو وہاں سے کورونا وائرس سے بچاو کے سامان کی بڑی تعداد برآمد ہوئی جسے زیادہ منافع کی لالچ میں وہاں چھپا کررکھا گیا تھا جبکہ دکان پر صارفین کے سامنے اشیا کی قلت کا رونا رویا جاتا تھا۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی کے علاقے فیروزآباد کے ایک مکان کے متعلق پولیس کو معلوم ہوا تھا کہ وہاں کورونا وائرس سے بچاؤ کے سامان کی ذخیرہ اندوزی کی گئی ہے تاکہ زائد قیمت وصول کی جا سکے۔پولیس نے جب مکان پہ چھاپہ مارا تو وہاں سے بڑی مقدار میں صرف کورونا سے بچاؤ کا سامان برآمد ہوا ہے۔
پکڑے گئے سامان میں سب سے زیادہ انفراریڈ تھرمامیٹر تھے ۔ پولیس کے مطابق ایک شخص کو گرفتار بھی کیاگیاہے۔
ناجائز منافع کیلئے ذخیرہ اندوزی کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ بازاروں میں اس وقت کورونا سے حفاظت کی کوئی بھی معیاری چیز اپنی اصل قیمت پرنہیں مل رہی ہے۔ حتیٰ کہ ناجائز منافع خورو ں کو ماہ مقدس کا بھی خیال نہیں ہے اور وہ اپنی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔