”موقع ملا تو بھارتی ٹیم کا باﺅلنگ کوچ بننا پسند کروں گا“ بھارتیوں کی تعریفیں کرنے کی اصل وجہ سامنے آ گئی، شعیب اختر نے بالآخر دل کی بات کہہ دی

”موقع ملا تو بھارتی ٹیم کا باﺅلنگ کوچ بننا پسند کروں گا“ بھارتیوں کی ...
”موقع ملا تو بھارتی ٹیم کا باﺅلنگ کوچ بننا پسند کروں گا“ بھارتیوں کی تعریفیں کرنے کی اصل وجہ سامنے آ گئی، شعیب اختر نے بالآخر دل کی بات کہہ دی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر ”بھارت نوازی“ کی اصل وجہ سامنے لے آئے ہیں جنہوں نے پڑوسی ملک کے باؤلرز کا کوچ بننے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی کوچنگ بھی کرنا چاہتا ہوں۔ 

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر شعیب اختر سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ بھارتی ٹیم کا باﺅلنگ کوچ بننا چاہیں گے؟ جواب میں انہوں نے کہا کہ بالکل یقینی طور پر میں ایسا کروں گا، میری ہمیشہ سے خواہش رہی ہے کہ جارحانہ مزاج رکھنے والے فاسٹ باﺅلرز تیار کروں، میرا کام علم پھیلانا اور جو سیکھا وہ دوسروں کو سکھانا ہے، موقع ملا تو میں زیادہ جارحانہ رویہ رکھنے اور کریز پر بات کرنے والے باﺅلرز تیار کروں گا جن کی کارکردگی سے سب لطف اندوز ہوں گے، یہ چیز بھارتی باﺅلرز میں نظر نہیں آتی۔

سابق فاسٹ باﺅلر نے کہا کہ آئی پی ایل کے پہلے سیزن میں مجھے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے کھیلنے کا موقع ملا تھا، میں اب اسی ٹیم کی کوچنگ کرنا چاہتا ہوں۔ایک سوال پر شعیب اختر نے کہا کہ سچن ٹنڈولکر کو دیکھا لیکن یہ نہیں جانتا تھا کہ بھارت میں ان کا کتنا بڑا نام ہے، چنائی میں 1998ءمیں کھیلتے ہوئے معلوم ہوا کہ انہیں وہاں کرکٹ کا دیوتا کہا جاتا ہے، میں انہیں جتنی تیزگیندیں کرسکتا تھا کیں تو مقامی تماشائیوں نے بھی میری خوب حوصلہ افزائی کی، ٹنڈولکر میرے بہت اچھے دوست ہیں جبکہ بھارت میں میرے پرستاروں ایک بہت بڑی تعداد موجود ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں شعیب اختر نے متاثرین کورونا وائرس کیلئے پاکستان اور بھارت میں امدادی ون ڈے سیریز کی تجویز دی تھی۔اس پر بھارتی کرکٹرز ہاتھ دھوکر ان کے پیچھے پڑ گئے تھے، اس کے باوجود حیران کن طور پر انہوں نے بھارتی باﺅلرز کی کوچنگ کی خواہش ظاہر کی ہے حالانکہ ماضی میں وریندر سہواگ یہ بھی کہہ چکے کہ شعیب کو بھارت سے پیسہ کمانا ہوتا ہے، اس لئے وہ بھارتی کرکٹرز کی تعریفیں کرتا رہتا ہے۔

مزید :

کھیل -