عمران خان ہماری بات مان لیتے تو آج معیشت تباہ نہ ہوتی ،بلاول بھٹو
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا آئی ایم ایف ڈیل میں غلطی تسلیم کرنا کافی نہیں ،عمران خان ہماری بات مان لیتے تو آج معیشت تباہ نہ ہوتی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان قوم سے معافی مانگیں ،مہنگائی کی وجہ عمران خان کے غلط فیصلے ہیں ،وزیر اعظم کسی اور کو قربانی کا بکرا بنا کر خود نہیں بچ سکتے ،عمران خان کے پاس حکمرانوں والی سمجھ بوجھ بالکل نہیں ۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پہلے آئی ایم ایف سے معاہدے سے گریز کا دفاع کیا، پھر تاخیر سے معاہدہ کرکے غلط ڈیل کا دفاع کیا اور اب اس سے بھی پی ٹی آئی نے یوٹرن لے لیا، عمران خان غلطیاں کرتے ہیں، غلطیوں کا اعتراف کرتے ہیں اور پھر وہی غلطیاں دہراتے ہیں، یہ ملک ہے، کوئی کلاس روم نہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کے آئی ایم ایف کی ہدایت پر عوام سے 1200 ارب روپے کے مزید ٹیکس وصول کرنے کے ہتھکنڈے کو ناکام بنائیں گے،آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی، گیس اور پیٹرول مہنگا کرنے کے بعد عمران خان کہتے ہیں کہ وہ اپنے فیصلوں میں آزاد ہیں،آئی ایم ایف کے تنخواہ دار ملازموں کو پاکستان کے عوام کے فیصلے نہیں کرنے دیں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ہدایت پر عمران خان نے روپے کی قدر گرا کر بدترین فیصلہ کیا جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں،پی پی پی حکومت نے بھی آئی ایم ایف سے پیکج لیا مگر معاہدے میں اپنی عوام دوست شرائط منوائیں، عمران خان آئی ایم ایف سے ڈیل سے قبل پارلیمان کو اعتماد میں لیتے تو آج عوام یوں مہنگائی کی سونامی میں نہ ڈوب رہے ہوتے،ملک میں اگر آج ریکارڈ بے روزگاری ہے تو اس کی وجہ پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کے احمقانہ معاشی فیصلے ہیں۔