پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس اور افطار ڈنر ایک ساتھ
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان تحریک انصاف یو اے ای کی طرف سے پاکستان تحریک انصاف کا 25 واں یوم تاسیس منایا گیا اور اس موقع پر افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں پی ٹی آئی کے سابقہ عہدیداران اور صحافیوں نے شرکت کی۔
افطار ڈنر کا اہتمام پی ٹی آئی کے سابقہ سینئر نائب صدر نواز خان جدون نے کیا تھا جس میں خواجہ آصف کلیم، چودھری جاوید اقبال، حاجی منیر حسن، فرزانہ چغتائی، صبیحہ سیف، یاسمین کنول، سید کلیم اللہ شاہ بخاری، اعجاز احمد خان، مرزا صفدر، عزیز اللہ، روبینہ، ملک عادل ندیم، زاہد چودھری، عزیز اللہ ملنگی چودھری اظہر، ندیم خان، مجید خان، ناصر خان، انجینئر محمد ایوب، افتخار شاہد، راجہ راشد علی، ہمیش خان، گل محمد، عبدالرحمان، محمد زمان خان، عزیز خٹک، سلطان خٹک و دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے سابقہ عہدیداران نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے جس قدر کام پاکستان کے لیے کیا ہے وہ سابقہ ادوار کی کوئی حکومت نہیں کرسکی۔ عمران خان موجودہ پانچ سال پورے کریں گے جبکہ آنے والے 5 سال بھی حکومت پی ٹی آئی کی ہوگی۔ پی ٹی آئی کے قائدین نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی لہر آئی ہوئی ہے لیکن حکومت نے کافی حد تک مہنگائی پر قابو پالیا ہے۔پی ٹی آئی کے سابقہ عہدیداران نے کہا کہ اپوزیشن حکومتی کاموں میں کافی رکاوٹیں ڈال رہی ہے اور ملک میں منفی سیاست کو پروان چڑھارہی ہے جو ملکی ترقی کے لیے اچھا نہیں ہے۔
تحریک انصاف کے قائدین نے کہا کہ آنے والا دور بھی تحریک انصاف کا ہے جس میں ملک ترقی کی منازل طے کرے گا اور پاکستان اپنے سنہرے دور میں داخل ہوگا۔ عمران خان کی قیادت میں ملک یقینا ترقی کی منازل طے کرے گا کیونکہ عمران خان ملک کے مخلص حکمران ہیں۔