گھٹیا الزامات مت لگاؤ،کرپشن کی ہے تو ثبوت سامنے لاؤ،حمزہ شہباز کا عمران نیازی کو چیلنج

 گھٹیا الزامات مت لگاؤ،کرپشن کی ہے تو ثبوت سامنے لاؤ،حمزہ شہباز کا عمران ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


      لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازنے کہاہے کہ میری پوری کوشش ہے کہ میں عام آدمی کی زندگیوں میں آسانیاں لاؤں اوراللہ تعالیٰ کو راضی کروں -یہ سب میں اللہ کی مخلوق کی خدمت کے لئے کررہاہوں او رکرتا رہوں گا-وہ عید الفطر پر چلڈرن ہسپتال کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے-وزیراعلیٰ نے کہاکہ ملک کے مسائل کاحل اتفاق، برداشت،باہمی مشاورت اوررواداری پر چلنے میں ہے اورتمام سیاسی جماعتوں کو ملک کا سوچنا چاہیے-محمد نوازشریف کے دور میں پاکستان کا گروتھ ریٹ 5.8فیصد تھا-لوگوں کو روز گار مل رہا تھا اور سی پیک چل رہا تھا تاہم عمران نیازی کے دور میں سی پیک سست روی کا شکا رہوا اور معیشت زمین بوس ہوئی-انہوں نے کہاکہ ہمارے بزرگوں نے جانوں کی قربانی دے کر یہ ملک حاصل کیا تھا، آج ان کی روحیں تڑپ رہی ہوں گی۔میں اورمیری ٹیم لوگوں کے دکھوں کو محسوس کر کے درد دل سے آگے بڑھے گی جن لوگوں نے اس قوم کے بچوں کو ایک کروڑ کی نوکریوں کا جھانسہ دے کر سہانے خواب دکھائے تھے، 50لاکھ گھروں کا جھانسہ دے کر غریبوں کے جھونپڑے گرادئیے،اپنا بنی گالہ کا محل ریگولر ائزکرایا -کسی کے جذبات سے کھیلنا اورکسی کو جھوٹی امید دلاناجرم ہے۔ عمران نیازی نے نہ صرف لاکھوں لوگوں کی نوکریاں چھینی بلکہ لاکھوں لوگ کو بیروزگارکیا۔عمران نیازی نے ریاست مدینہ کا دعویٰ کیا لیکن ہر کام اس کے الٹ کیا-ریاست مدینہ کے جھوٹے دعویدار سے صرف توشہ خانہ کا حساب مانگا گیاتو اس کے پاس جواب ہی نہیں ہے۔صاف پانی کیس میں شہبازشریف کو پکڑا،آج صاف پانی کیس میں آپ کی حکومت کے اندر 16لوگ بری ہوگئے یہ کیس جھوٹ کا پلندہ تھا۔ منی لانڈنگ کیس میں آپ نے شہبازشریف کو گرفتار کیا،مجھے 22مہینے اندر رکھا۔وہی کیس جب آپ نے نیشنل کرائم ایجنسی یوکے کو دیا توانہوں نے 22مہینے بے لاگ تحقیقات کیں اور ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔نوازشریف کے خلاف بھی کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔عمران نیازی آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ بند کردو-انہوں نے کہاکہ بھوک،افلاس،بے روزگاری کے خلاف ہم سب کو جہاد کرنا ہوگا- وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران نیازی نے پہلے بھی 126دن کاتماشہ لگایا اور چین کے صدر کے دورے کو دھرنے کی نذر کیا اورملک کانقصان کیا-اس نے آتے ہی کہاکہ سی پیک کے منصوبوں میں کرپشن ہوئی ہے،چائنہ جیسادوست جس نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا کوناراض کیا۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ تماشے نہیں ہونے چاہئیں۔انشاء اللہ ہم سب کو ساتھ لے کر آگے بڑھیں گے او راگر عمران نیازی نے اپنی اناکی تسکین کے لئے عوامی فلاح کے کاموں میں روکاٹ ڈالنے کی کوشش کی تو اسے دفن کردیں گے - فرح گوگی کاکیس عمران نیازی کے خلاف چارج شیٹ ہے اور عمران نیازی فرح گوگی کی حمایت میں سب سے آگے ہیں -عمران نیازی کی جانب سے فرح گوگی کی حمایت ایسے ہی ہے جیسے چور کی داڑھی میں تنکا،انہوں نے کہا کہ میں عمران نیازی کو چیلنج کرتاہوں کہ اگر میں نے،میرے والد یا میرے تایا ابو نے ایک پائی کی کرپشن کی ہو تو ثبوت سامنے لائیں -ہم قوم سے معافی مانگ کر گھر چلے جائیں گے-میں اللہ تعالیٰ کے سا تھ عوام کو بھی جواب دے ہوں - انہوں نے کہا کہ میری حلف برداری میں تاخیر کرنے کے لئے آئین کو تار تار کیاگیالیکن انہوں نے پھر بھی ہوش کے ناخن نہیں لئے او راب کابینہ کے حلف میں تاخیر کی جارہی ہے-گورنر پنجاب آخری دنوں کے مزے لوٹ رہے ہیں،لوٹ لیں،لیکن قوم جو ہے وہ آپ سے حساب لے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے عیدالفطر پر ملتان روڈ پر دارالشفقت کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے بچوں کے ساتھ عیدالفطر کے پرمسرت لمحات گزارے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز ہر بچے کی نشست پر خود گئے، بچوں سے ہاتھ ملایا اور عید کی مبارکباد دی۔۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی عیدالفطر پر چلڈرن ہسپتال آمد،وارڈز کا دورہ،بچوں کی عیادت کی، عیدی دی اور تحائف تقسیم کئے:وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے عیدالفطر پر چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز وارڈز میں گئے اور بچوں کی عیادت کی۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کا میانوالی میں 3 افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس،انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب،ملزمان کی گرفتاری کا حکم:وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے میانوالی میں 3 افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کا کوٹ رادھا کشن کے قریب ٹریفک حادثے میں 4 بھائی بہنوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پراظہار افسوس:وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کوٹ رادھا کشن کے قریب ٹریفک حادثے میں 4 بھائی بہنوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔وزیر اعلی حمزہ شہباز کا جھنگ کے قریب دیوار گرنے سے 3 بہن بھائیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لودھراں میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی ہے-

مزید :

صفحہ اول -