ڈیرہ میں مختلف وارداتوں کے دوران 4افراد جاں بحق،4زخمی

ڈیرہ میں مختلف وارداتوں کے دوران 4افراد جاں بحق،4زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       ڈیر ہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)ڈیرہ اسماعیل خان میں مختلف واقعات میں 4افرادذاتی دشمنی کی بھینٹ چڑھ گئے جبکہ دو بھائیوں سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔ واقعات کے مطابق تھانہ سٹی کی حدودباکھری بازار میں گلی ڈاٹ والی میں 3مسلح ملزمان بھائیوں نے رشتہ کے تنازعہ پر گومل یونیورسٹی کے اکاؤنٹ سیکشن کے ملازم جنیدگنڈہ پور کو افطار سے چند منٹ قبل اسوقت اندھا دھند فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا جب وہ افطار کیلئے گھر سے قریبی تندور سے روٹی لینے کیلئے نکلا۔ مقتول کی والدہ 54 سالہ شاہین بی بی کے مطابق ملزمان ہارو ن، رفیع اللہ اور شاکر اللہ پسران قیوم نواز گنڈہ پور سکنائے گلی مشین والی محلہ نواز علی نے رشتہ کے تنازعہ پر میرے بیٹے کو قتل کیا، مقتول کی والدہ کے مطابق فریقین میں مستورات کے مذکورہ تنازعہ پر فیصلہ بھی ہوچکا تھا، پولیس نے مقتول کی والدہ کی رپورٹ پر ملزمان بھائیوں کیخلاف قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ دوسرے واقعہ میں تھانہ درازندہ کی حدود درازندہ میں غیرت کے نام پر ملزم جان گل شیرانی ولد شیرین گل شیرانی سکنہ درازندہ نے فائرنگ کرکے شیر علی شیرانی ولد عجب گل شیرانی کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ تیسرے واقعہ میں تھانہ پہاڑ پور کی حدودعلاقہ بدھان کا رہائشی ارشد ولد عاشق علی قوم بدھ گھر سے اپنے دو دوستوں سلیمان اور عبدالرف لوہار کے ساتھ نکلا اور رات کو گھر واپس نہ آیا اگلے روز تلاش پر اسکی قتل شدہ نعش اراضی غوث محمد سے ملی جس کے ساتھ تیز دھار چھرا بھی موجود تھا۔ مقتول ارشد کے والد کے مطابق اسکے بیٹے کی ملزم سلیمان کی ہمشیرہ سے دوستی تھی جسکی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا ہے، پولیس نے مقتول کے والد کی رپورٹ پر نامزد ملزمان دوستوں کیخلاف مقدمہ درج کرکے چند گھنٹوں میں ہی ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ اسی طرح قتل مقاتلہ کی دشمنی پر تھانہ کینٹ کی حدودضلع کچہری میں ڈسٹرکٹ سنٹرل جیل ڈیرہ سے ضمانت پر رہا ہونیوالا 35سالہ عثمان ولد سفیر اللہ کاکڑ سکنہ کوئٹہ جیل سے رسول خان کاکڑ اور محمد رزاق سکنہ قلعہ سیف اللہ، رحمت اللہ ولد عبدالمتین کاکڑ سکنہ قلعہ سیف اللہ، ڈرائیور فتح اللہ شیرانی سکنہ موسی خیل موٹر کار پرروانہ ہوکر اپنے وکیل اختر سعید ایڈوکیٹ کے چیمبر کے باہر گاڑی میں بیٹھا تھا کہ اسی اثنا میں دو موٹرسائیکلوں اور ایک موٹر کار پر سوار 7سے8مسلح ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں عثمان م حمود موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ رسول خان کاکڑزخمی ہوگیا،ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہوگئے، تھانہ کینٹ پولیس نے زخمی رسول خان کی رپورٹ پر اس واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ادھرتھانہ کھوئی بہارہ میں کڑی شموزئی کے رہائشی 54سالہ باز محمد زستیرانہ نے 452-324ppc کے تحت رپورٹ درج کرائی ہے کہ ملزم سعیداللہ ولد اجمیر سکنہ کڑی شموزئی نے اسوقت ہمارے گھر میں داخل ہو کر مجھ پر فائرنگ کی جب میں اپنے اہل و عیال کے ہمراہ گھر میں موجود تھا، فائرنگ سے میں زخمی ہوا جبکہ دیگر اہلخانہ بال بال بچ گئے،زخمی شخص کے مطابق ملزم کے میری بھابی سے ناجائز مراسم تھے جسے منع کرنے پرملزم نے یہ اقدام اٹھایا۔ ایک اور واقعہ میں ناصر آباد قلعہ روڈ پر معمولی تو تکرار کے شاخسانہ پر موٹر سائیکل پر اپنے گھر کی جانب جانیوالے دو بھائیوں عدنان طلحہ بیٹنی اور نعمان طلحہ بیٹنی کو گلی میں موجود ارشد اور شاہد نامی دو بھائیوں نے گلی میں روک کرچاقو کے وار کرکے زخمی کردیا۔ تھانہ کینٹ پولیس نے زخمی بھائیوں کی رپورٹ پر اس وقاعہ کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔