گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی تقریب حلف برداری ملتوی

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی تقریب حلف برداری ملتوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور،کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی آج ہونے والی تقریب حلف برداری ملتوی کر دی گئی،جبکہ نئے گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل آج پیر اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے بتایا ہے کہ گورنر پنجاب کی تقریب حلف برداری اب 7 مئی کو شام 6 بجے گورنر ہاؤس لاہور میں ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی ملک میں غیر موجودگی کی وجہ سے حلف برداری ملتوی ہوئی، ن لیگ نے پی پی قیادت سے اس بنیاد پر حلف برداری ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پاکستان پیپلزپارٹی کے نامزد سردار سلیم حیدر اور فیصل کریم کنڈی کو گورنرمقرر کیا گیا تھا۔ادھرنئے گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل آج پیر اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ذرائع کے مطابق نئے گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل کی حلف برداری کی تقریب آج پیرصبح 11 بجے ہو گی۔گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریبِ حلف برداری میں چیف جسٹس ہائی کورٹ نئے گورنر شیخ جعفر مندوخیل سے حلف لیں گے۔

حلف ملتوی

لاہور(شہزاد ملک)پیپلز پارٹی کے نامزد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی اتوار کے روز ہونیوالی حلف برداری کی تقریب منگل کی شام تک ملتوی ہونے کی اصل وجہ سامنے آگئی ہے، روزنامہ پاکستان کو ذرائع نے بتایا ہے نامزد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر یہ چاہتے ہیں ان کی حلف برداری کی تقریب میں موجودہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن بھی شریک ہوں اور وہ اپنے ہاتھوں سے گورنر پنجاب کا چارج مجھے سونپیں تاکہ اس طرح سے ایک جانیوالے گورنر کو بھی اچھا پیغام ملے اور بہترین ماحول میں گورنر کی حلف کی تقریب منعقد ہو، واضح رہے موجودہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن اس وقت عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب کے دورہ پر ہیں اور امکان ہے وہ منگل کی دوپہر تک اپنے عمرہ کی ادائیگی مکمل کرکے پاکستان واپس پہنچ جائیں گے اور منگل کی شام چھ بجے گورنر ہاوس کے لان میں منعقد ہونیوالی نئے گورنر پنجاب کی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہونگے۔

حلف برداری

مزید :

صفحہ اول -