نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کا جامع پلان طلب،ہرنمایاں شہر میں کارڈیالوجی سینٹر بنانے کا اصولی فیصلہ

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکاری ہسپتالوں کے لیے سٹیٹ آف آرٹ جدید ترین طبی آلات خریدنے اور مریضوں کی ضرورت کے پیش نظر طبی آلات ترجیحاً فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں ہیلتھ کے تمام پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کا جامع پلان طلب کر لیا۔ اس موقع پر نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں سکول آف پیرا میڈیکس بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں انسٹیٹیوٹ آف جینٹک اینڈ بلڈ ڈیزیز نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں سرجیکل آرتھو پیڈک میڈیسن ری ہیبلی ٹیشن بنے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے لیڈی ولنگٹن ہسپتال پراجیکٹ کی 6 ماہ میں تکمیل کی ہدایت کی اورزیرتکمیل ہیلتھ پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کے لیے اقدامات کا حکم دیا۔ اجلاس میں ہرنمایاں شہر میں کارڈیالوجی سینٹر بنانے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے راولپنڈی میں چلڈرن ہسپتال کی تکمیل کے لیے فنڈز کے اجراء کی ہدایت کی اور چلڈرن ہسپتال راولپنڈی کے لیے بہترین ڈاکٹر کی خدمات حاصل کرنے کا حکم دیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ کو سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جاری اور نئے پراجیکٹ پر مکمل بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ60فیصد سے زائد مکمل پراجیکٹ کی جلد تکمیل پر توجہ دی جائے۔ ہیلتھ پراجیکٹس میں تاخیر سے عوامی مشکلات کے ساتھ لاگت بھی بڑھ جاتی ہے۔