پی ٹی آئی کارکن پر تشدد کرنیوال آصف نکئی کے خلاف بھی احتجاج کرے،بشارت جسپال

پی ٹی آئی کارکن پر تشدد کرنیوال آصف نکئی کے خلاف بھی احتجاج کرے،بشارت جسپال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبر نگار خصوصی)پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے اپوزیشن لیڈر پنجاب میاں محمود الرشید کے نام خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں اپنے کارکنوں کے خلاف حکومتی امیدواروں کی پرتشدد کارروائیوں اور مار دھاڑ پر پنجاب اسمبلی میں احتجاج کرتے وقت ہمارے پتوکی کے کارکن اصغر علی پر تشدد کرنے والے ایم پی اے آصف نکئی کے خلاف بھی احتجاج کریں جنہوں نے اپنے بیٹے اور مسلح گارڈز سے ملکر الیکشن لڑنے کی ’’جرأت‘‘ کرنے پر اسے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، کھلے عام تھپڑ اور ٹھڈے مارکر ایک سیاسی کارکن کی تذلیل کی۔ انہوں نے کہا کہ غریب سیاسی کارکنوں کو اپنا مزارع سمجھنے والی ذہنیت جس جماعت اور جس جگہ پر بھی ہے اس کی مذمت ہونی چاہیے۔ انہوں نے اپنے خط میں کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان صرف سرداروں اور جاگیرداروں کیلئے نہیں بنایا تھا۔ ان کا وعدہ تھا پاکستان میں کوئی طاقتور کسی کمزور کا استحصال نہیں کر سکے گااور پھر ان کے اس وعدے کی روشنی میں آئین پاکستان کے ذریعے ہر شہری کو اس کی گارنٹی دی گئی ہے۔



انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ خود کو آئین اور قانون سے بالاتر سمجھنے والے عناصر کے خلاف آواز بلند کی جائے اور اس رویے کی مذمت کی جائے۔