جماعت اسلامی نے دیانتدار امیدواروں کو میدان میں کھڑا کیا،میاں مقصود

جماعت اسلامی نے دیانتدار امیدواروں کو میدان میں کھڑا کیا،میاں مقصود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبر نگارخصوصی)ہم بلدیاتی انتخابات کے نتائج کوتسلیم کرتے ہیں جماعت اسلامی نے دیانتدار اوراچھی سیرت وکردار کے حامل افراد کوبلدیاتی انتخابات میں کھڑاکیاتھا۔ آئندہ عام انتخابات میں اچھی سیاسی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور انشاء اللہ جماعت اسلامی اپنی عوامی خدمت کے بنیاد پرزیادہ بہتر کارکردگی دکھائے گی ان خیالات کااظہار امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے گزشتہ روزمنصورہ میں جماعت اسلامی لاہور کے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے امیداوارن کے بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ انتخابی نظام کوبہتر بنانے اور منصفانہ انتخابات کے لئے از حد ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن کو آزاد اور خودمختار بنایاجائے۔حکومت اور اپوزیشن میں شامل جماعتوں کواب مثبت اور تعمیری سوچ کے ساتھ پارلیمانی انتخابی اصلاحات کمیٹی کی سفارشات کے مطابق موجودہ انتخابی سسٹم میں موجود خرابیوں کودور کرنا چاہئے تاکہ آئندہ شفاف اور غیرجانبدارانہ عام انتخابات کاانعقاد ممکن ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے لاہور میں2چیئرمین،9وائس چیئرمین اور33کونسلرزبلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہوئے۔ہمارے کارکنان آئندہ زیادہ محنت اور جدوجہد کرکے زیادہ کامیابیاں حاصل کریں گے۔تاریخ گواہ ہے کہ جماعت اسلامی اس ملک کی واحد دینی وسیاسی جماعت ہے جس کے اب تک پورے ملک میں ایک ہزار سے زائد نمائندے قومی وصوبائی اسمبلیوں،سینیٹ اور بلدیاتی اداروں سے منتخب ہوکر اپنی خدمات کوسرانجام دے چکے ہیں۔الحمدللہ ان میں سے کسی ایک پر بھی پلاٹوں کی سیاست،اختیارات کے ناجائز استعمال اور کرپشن میں لین دین کاکوئی الزام نہیں لگا۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ہی ملک وقوم کومحب وطن اور دیانتدار قیادت فراہم کرسکتی ہے ہم انشاء اللہ حسب روایت خدمت خلق اور عوام کے جمہوری حقوق کی جدوجہدکرتے رہیں گے۔