مزے کا کھانا

مزے کا کھانا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سچائی اور ایمانداری وہ بنیادی تعلیمات ہیں جن پر دین اسلام کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ اچھا مسلمان وہ ہے جو اپنے دوسرے مسلمان بہن بھائیوں کا خیال رکھے اور دھوکہ دینے سے اجتناب کرے۔ اس کے علاوہ بچپن سے ہی ہمیں حلال و حرام میں تمیز سکھائی جاتی ہے تاکہ حرام کا کوئی لقمہ ہمارے اندر نہ جائے۔ اچھا مسلمان وہ ہو گا جو کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ نہ کرتا ہو۔ صفائی ستھرائی کا خیال رکھتا ہو اور اپنے مسلمان بھائی کو حلال ہی کھلائے۔
حکومت پنجاب نے اشیاء میں ملاوٹ اور بیمار، مردار اور حرام جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے جس کے تحت پنجاب فوڈ اتھارٹی ترمیمی آرڈی ننس 2015 ء جاری کیا گیا اور ڈویژن کی سطح پر 9 ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ بڑے سے بڑے اور چھوٹے سے چھوٹے ہوٹلوں اور ریستورانوں میں اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ معیاری صحت افزا خوراک فراہم کی جائے۔ پوری قوم کی ہیرو عائشہ ممتاز ہیں اور ان کے مشن کے مطابق اس بات کو بھی یقینی بنایا گیا کہ مضرصحت خوراک مہیا کرنے والوں کو کڑی سے کڑی سزا ملے۔ مضر صحت خوراک کے استعمال سے موت واقعہ پر مینوفیکچرر کو عمر قید اور 30 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیا گیا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ہوٹلوں‘ ریستورانوں اور فوڈ مینوفیکچررز کو بین الاقوامی معیار کی درجہ بندی کرنے کی تلقین کی ہے۔ ان تمام اقدامات کے پیش نظر میں امید رکھتی ہوں کہ آنے والے دنوں میں بھی اس مشن کو جاری رکھا جائے گا تو وہ دن دور نہیں جب ملاوٹ کرنے والے سبق حاصل کریں گے اور صحت افزا اور معیاری خوراک تمام شہریوں کو مہیا ہو گی۔(وجیہہ احمد ،لاہور)

مزید :

اداریہ -