حکومت عمارتوں کی تعمیر اور معائنہ کے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائے ،منظور وٹو

حکومت عمارتوں کی تعمیر اور معائنہ کے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائے ،منظور ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبر نگار خصوصی) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدرمیاں منظور احمد وٹو نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں جاں بحق ہونے والوں کے سوگوار خاندانوں سے پیپلز پارٹی پنجاب اور اپنی طرف سے دلی تعزیت کرتے ہوئے حکومت پنجاب پر زور دیا ہے کہ وہ صنعتی اور رہائشی عمارتوں کی تعمیر اور انسپیکشن کے قوانین کی عملداری یقینی بنائے تا کہ انسانی جانوں کو آئندہ حادثات سے ممکنہ طور پر بچایا جا سکے۔ انہوں نے سول اور ملٹری ریسکیو ٹیموں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے بڑی جاں فشانی سے کام کرتے ہوئے کئی قیمتی جانوں کو ریسکیو کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسپیکشن کے بعد جن عمارتوں کو خطرناک ڈکلےئر کیا جائے اسکے بعد ان مخدوش عمارتوں کو ٹھیک کرنے کے لیے راست اقدامات اٹھائے جائیں لیکن افسوس کہ عموماً ایسا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ بیماری کی شناخت بھی ضروری ہے لیکن اس کا علاج کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہوتا ہے۔ انہوں نے یاددلایا کہ جب بھی ایسا سانحہ ہوتا ہے تو حکومت آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہونے کے بڑے بلند بانگ دعوے کرتی ہے لیکن چند دنوں بعد ان کے وعدے ہوا ہو جاتے ہیں اور مجرمانہ غفلت غالب آجاتی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ خطرناک رہائشی عمارتوں کو حکومت کے خرچ پر مرمت کیا جائے اور جو مرمت کے قابل نہ ہوں وہاں کے رہائشیوں کو متبادل رہائش فراہم کر کے ان سے خطرناک رہائشی عمارتیں جبراً خالی کرائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مسئلے کی سنگینی کے پیش نظر تمام فورمز پر آوازاٹھائے گی کیونکہ انسانی جانوں کے تحفظ کا سوال ہے جس کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
منظور وٹو

مزید :

صفحہ آخر -