ڈپٹی میئر کی 9سیٹوں کیلئے جوڑتوڑ تیز، مزید 18امیدوار سامنے آگئے

ڈپٹی میئر کی 9سیٹوں کیلئے جوڑتوڑ تیز، مزید 18امیدوار سامنے آگئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( جاوید اقبال) صوبائی دارالحکومت میں ڈپٹی میئر کی 9 سیٹوں کے لئے مسلم لیگ (ن) میں امیدواروں کا بازار لگ گیا ہے اور جوڑ توڑ میں تیزی آ گئی ہے اور مزید 18 امیدوارسامنے آ گئے ہیں جن کو مختلف اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔ ڈپٹی میئر کے لئے سامنے آنے والے امیدواروں میں ضلع کونسل کی لیبر کونسلرز کی خصوصی نشستوں پر لیبر کونسلر کے مضبوط امیدوار نذیراحمد سواتی بھی کونسلر نامزد ہونے سے پہلے ڈپٹی میئر کے امیدوار کے طور پر سامنے آ گئے ہیں ۔ نذیر احمد سواتی کا شمار مسلم لیگ( ن) کے پرانے ورکروں میں ہوتا ہے جنہیں لارڈ میئر کے امیدوار خواجہ احمد حسان کی بھی حمایت حاصل ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے کامیاب چیئرمینوں ،وائس چیئرمینوں ، کونسلرز کا نوٹیفکیشن جاری ہونے سے قبل ہی ڈپٹی میئر کے امیدواروں میں جوڑ توڑ کا بازارگرم ہو گیا ہے اورمزید کئی یونین کونسلوں سے منتخب چیئرمین خود کو بطور امیدوار ڈپٹی میئر سامنے لے آئے ہیں اور انہوں نے اس عہدے کے لئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق رکن قومی اسمبلی مہر اشتیاق جو کہ لاہورٹرانسپورٹ کمپنی کے چیئرمین بھی ہیں اپنے کزن مہر محمود کو ڈپٹی میئر کے عہدے کے لئے سامنے لے آئے ہیں اسی طرح سابق مشیروزیر اعلیٰ پنجاب میاں طارق جو کہ شمع سے یونین کونسل کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں وہ بھی ڈپٹی میئر کے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ چیئرمین زکوٰۃ و عشر کمیٹی لاہور حاجی نوید انجم کے بھائی میاں راشد یوسی 143 سے پنجاب بھر میں سب سے زیادہ لیڈ 5500 سے زائد ووٹ لے کر چیئرمین منتخب ہوئے ہیں ڈپٹی میئر کے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آگئے ہیں۔ اسی طرح تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائش زمان پارک کی یوسی سے00 19 ووٹوں کی لیڈ سے تحریک انصاف کے امیدوار کے مقابلے میں کامیاب ہونے والے امیر محمد گجر بھی ڈپٹی میئر کے امیدوار کے طورپر سامنے آ گئے ہیں ان کا اعزاز یہ ہے کہ انہوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائشی یونین کونسل سے تحریک انصاف کو بھاری اکثریت سے شکست دی۔ رائل پارک نسبت روڈ سے چیئرمین منتخب ہونے والے وزیر اعلیٰ کے قریبی عزیز عارف حمید بٹ بھی ڈپٹی میئر کے امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ صوبائی وزیر خوراک کے حلقہ سے امجد نذیر بٹ، گوالوں کے رہنما حاجی اسلم گجر وزیر اعلیٰ کے حلقہ سے راؤ شہاب الدین کے علاوہ میاں شاہد شاہدرہ، کوٹ کمبوہ میئر کے لئے مہم اور لابنگ شروع کر چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان امیدواروں کو اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل ہے اور انہوں نے باقاعدہ طور پر لابنگ شروع کر دی ہے۔واضح رہے کہ ڈپٹی میئر کے لئے پہلے ہی حاجی حنیف، قیصر امین بٹ، حاجی اللہ رکھا، وسیم قادر، ارشد کھوکھر ، میاں بشیر ، عرفان ملک ڈپٹی میئر کے لئے میدان میں ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -