پاک فضائیہ کے سربراہ کی اردن کے دفاعی کمانڈرز سے ملاقات

پاک فضائیہ کے سربراہ کی اردن کے دفاعی کمانڈرز سے ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (پ ر)پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان نے اپنے اردن کے دورے کے دوران آج عمان میں اردن کی دفاعی افواج کے کمانڈرز سے ملات کی۔ جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز آمد پر رائل اردن فضائیہ کے کمانڈر منصور سلیم الجبور نے پاک فضائیہ کے سربراہ کا استقبال کیا۔ رائل اردن فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی ۔گارڈ آف آنر کے معائنہ کے بعدائیر چیف نے کمانڈررائل اردن فضائیہ کے سربراہ سے انکے آفس میں ملاقات کی۔ دونوں معزز شخصیات نے پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا۔ JF-17تھنڈر کے پروگرام کے متعلق بات کرتے ہوئے ائیر چیف نے بتایا کے اس پروگرا م کے تحت ہم نے اپنے ابتدائی اہداف حاصل کر لئے ہیں اور یہ دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے۔ رائل اردن فضائیہ کے کمانڈر نے پاک فضائیہ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت پر ذور دیا۔پاک فضائیہ کے سربرا ہ نے شہزادہ فیصل بن الحسین اور شاہ کے دفاعی امورکے مشیر اور چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف ، جنرل مشال محمد الزبین سے بھی ملاقات کی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ آپریشن ضربِ عضب میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ شہزادہ فیصل نے پاک فضائیہ کے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کردار کو سراہتے ہوئے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ وہ ہر قسم کے حالات میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے دونوں فضائی افواج کے مابین دوستانہ تعلقات اور باہمی پیشہ ورانہ تعاون کے نئے منصوبہ جات پر اطمینان کا اظہار کیا۔