پنجاب یونیورسٹی کے کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں،مصباح الحق

پنجاب یونیورسٹی کے کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں،مصباح الحق
پنجاب یونیورسٹی کے کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں،مصباح الحق

  

لاہور (سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے پنجاب یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب یونیورسٹی زبیر بٹ ، کرکٹ کوچ فیصل پیرزادہ و دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس سے بات چیت کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ انتظامیہ نوجوانوں کو صحت مند انہ اور مثبت سرگرمیاں فراہم کرنے کیلئے پنجاب یونیورسٹی میں کھیلوں کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے کھلاڑی طلبہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے کرکٹ کلب اور اکیڈمی قائم کی جائے گی۔انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے بین الاقوامی معیار کے کھلاڑیوں کی پیداوار کیلئے مصباح الحق سے رہنمائی اورتعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام نومبر کے اختتام پر سپورٹس ویک کا انعقاد کیا جائے گا جس میں 25یونیورسٹیاں شرکت کریں گی۔ مصباح الحق نے پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں جبکہ سپورٹس بنیادوں پرداخلے بھی میرٹ پر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی میں کرکٹ کلب کے قیام اور کرکٹ ٹیم کی بہتری کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی