سٹورٹ براڈ کو سری لنکا کیخلاف پہلے ٹیسٹ سے ڈراپ کئے جانے کا امکان

سٹورٹ براڈ کو سری لنکا کیخلاف پہلے ٹیسٹ سے ڈراپ کئے جانے کا امکان

گال (اے پی پی) انگلش ٹیم کے کوچ ٹریور بیلس نے فاسٹ باؤلر سٹورٹ براڈ کو سری لنکا کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ سے ڈراپ کئے جانے کا عندیا دیتے ہوئے کہا کہ اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ انہیں تینوں ٹیسٹ سے باہر رکھا جائے گا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل آخری مرتبہ 2016ء میں براڈ کو پلیئنگ الیون سے باہر کیا گیا تھا۔ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ (آج) منگل سے گال میں شروع ہو گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گال کی وکٹ فاسٹ باؤلرز کیلئے زیادہ موزوں نہیں اسلئے ہم نے مضبوط سپن اٹیک تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ سے براڈ کو پہلے ٹیسٹ سے ڈراپ کیا جا رہا ہے تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ براڈ پوری سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ براڈ ہماری ٹیم کا اہم رکن ہیں اور کسی کیلئے بھی 433 وکٹیں لینے والے باؤلر کو ڈراپ کرنا آسان نہیں لیکن ہم نے تکنینکی طور پر یہ فیصلہ کیا ہے، امید ہے کہ سپنرز عمدہ پرفارم کر کے ہمارے اس اقدام کو درست ثابت کریں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی