شریف فیملی کی شوگر ملز کا نیب انکوائری کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع
لاہور(نامہ نگارخصوصی)شریف فیملی کی ملکیت شوگر ملز نے نیب انکوائری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا،اس سلسلے میں رمضان شوگر ملز انتظامیہ کی طرف سے درخواست دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے معاملات اورملوں کے فضلہ جات سے متعلق انکوائری نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی،درخواست میں وفاقی وزارت قانون، چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب لاہور کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست گزار کا موقف ہے کہ نیب لاہور نے ماحولیات سے متعلق معاملات پر غیر قانونی طور پر رمضان شوگر ملز کے خلاف انکوائری شروع کررکھی ہے، درخواست میں نکتہ اٹھایا گیا ہے کہ ماحولیات سے متعلق انکوائری نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی، نیب کی جانب سے رمضان شوگر ملز سے ماحولیات سے متعلق انکوائری اختیارات سے تجاوز کرنے کے مترادف ہے، درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ رمضان شوگر ملز کے فضلہ جات سے متعلق انکوائری کے لئے تحفظ ماحولیاتی ایجنسی موجود ہے، جس سے مکمل طور پر تعاون کیا جارہا ہے، ماحولیاتی آلودگی کے سد باب تمام قانونی تقاضے پورے کئے گئے ہیں، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ رمضان شوگر ملز کے خلاف نیب انکوائری کالعدم قرار دی جائے اور نیب کو اختیارات سے تجاوز کرنے سے روکا جائے ۔
شوگر ملز