پاکستان بہت جلد ٹیک آف کی پوزیشن میں آ جائے گا،جمشید چیمہ

پاکستان بہت جلد ٹیک آف کی پوزیشن میں آ جائے گا،جمشید چیمہ

لاہور( نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان معاشی طور پر ٹیک آف کر کے دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے گا،وزیر اعظم عمران خان نے دورہ چین کے دوران حقیقت بیان کی ہے جسے بھرپور سراہا گیا ہے ۔ ایک تقریب میں شرکت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے کامیاب دورہ چین سے پاکستان کے بد خواہ سکتے میں آگئے ہیں۔ انشا اللہ پاکستان آگے بڑھے گا۔

اور آنے والے چند سالوں میں حقیقی معنوں میں ایشین ٹائیگر بنے گا۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا واضح موقف ہے کہ کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا جس کی وجہ سے کرپشن کی آبیاری کرنے والوں کی صفوں میں ہلچل مچی ہوئی ہے ۔ اگر ہم نے پاکستان کو ترقی کی راہ پرگامزن کر کے غریب طبقات کی زندگیوں میں خوشحالی لانی ہے تو اس کیلئے کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی والوں نے ملک پر کئی دہائیاں حکومت کی لیکن پی ٹی آئی کی حکومت کو اتنے ہفتے دینے کیلئے تیار نہیں اور بے بنیاد پراپیگنڈا کیا جارہا ہے ۔

جمشید چیمہ

مزید : میٹروپولیٹن 1