مجاہد کامران سمیت 6ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں15روز کی توسیع
لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت نمبر 5نے پنجاب یونیورسٹی میں بے ضابطگیوں کے الزام میں گرفتار سابق وائس چانسلرمجاہدکامران اور5سابق رجسٹراروں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کردی۔ فاضل جج نے جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو مجاہد کامران اور دیگر ملزموں کی فیملی سے ملاقات کرانے کا حکم بھی دیاہے۔احتساب عدالت میں پولیس نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر مجاہد کامران اور دیگر 5رجسٹراروں لیاقت علی، محمد امین اطہر، کامران عابد، اورنگ زیب عالمگیر اور خان راس کو جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا ،عدالت سے استدعا کی گئی کہ ملزمان کا جوڈیشل ریمانڈ ختم ہو گیا ہے ،ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی جائے، عدالت نے ملزمان کی حاضری کے بعد 6 ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کردی ہے۔ عدالت میں مجاہد کامران نے اپنے وکیل کی وساطت سے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ان کی فیملی کے ساتھ ملاقات نہیں کرائی جاتی ،اس کے علاوہ وکلا ء بھی نہیں مل سکتے ہیں،عدالت سے استدعا ہے کہ ان کو ملاقات کی اجازات دی جائے ، عدالت نے کیمپ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو ملاقات کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔