جلوس برآمد ہوں گے

جلوس برآمد ہوں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی(سٹی رپورٹر) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ ریجنل کونسل راولپنڈی کے صدر علامہ سید ابو الحسن تقی نے کہا ہے کہ بدھ28صفر کو ملک بھر کیطرح راولپنڈی ریجن میں بھی وصال البنی ؐ اور شہادت حضرت امام حسن مجتبیٰ ؑ کے موقع پرماتمی جلوس بر آمد ہوں گے، مجالس عزا کا انعقاد کیا جائیگا، حکومت اس موقع پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کرے اور میڈیا بھر پور کوریج دے۔ سوموارکو انتظامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں مرکزی ماتمی جلوس تابوت بدھ کو عزا خانہ باوا کرم حسین شاہ چوہڑ ہڑپال راولپنڈی سے11بجے دن برآمد ہو گا جس میں پنجاب بھر کے ماتمی دستے ماتمداری اور نوحہ خوانی کرینگے۔ دوران جلوس علمدار چوک میں زنجیر زنی کے بعد ملک ہاؤس میں مجلس عزا سے علماء و ذاکرین خطاب کرینگے بعد ازاں جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزر کردربار سخی شاہ پیارا میں اختتام پذیر ہو گا۔ دریں اثناء قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق ہفتہ عظمت مصطفی ؐ و مجتبیٰ کی مناسبت سے مجالس عزا اور ماتمی جلوسوں کا سلسلہ سوموار کو بھی جاری رہا۔ قصرالقائم محمد نگر جوڑیاں میں غلام کربلائی کے زیر اہتمام مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سیدقمرحیدرزیدی نے کہا کہ وصال رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور شہزادہِ گلگوں قباء حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی شہادت تاریخ اسلام کا دردناک باب ہے ۔انہوں نے کہا کہ ختمی مرتبت ؐ نے تمام مصائب و آلام کو برداشت کرکے پیغام اسلام پھیلا کر اور آپ ؐ کے نواسے امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام نے وقت کی نزاکتوں کو سمجھتے ہوئے صلح کے ذریعے اسلام بچا کر ایسی عظیم الشان مثال قائم کردی کہ جو رہتی دنیا تک قابل تقلید ہے کیونکہ اگر وہ صلح نہ کرتے تو عالم اسلام منتشر ہوجاتا اور افتراق و ابتلا کا دور دورہ ہوجاتا۔سید قمرزیدی نے کہا کہ موالیان نبیؐ وعلی ؑ 8ربیع الاول تک ہرشے پرعزاداری امام عالی مقام کوترجیح دیں کیونکہ عزاداری ہی دنیائے ظلم و بربریت کے خلاف مضبوط ترین عالمگیر ابدی و سرمدی احتجاج ہے جو تاظہور و قیام مہدی ؑ جاری و ساری ہے۔مفتی باسم عباس زاہری نے کہا کہ امام عالی مقام حسین ؑ ابن علی ؑ نے دین وشریعت اورتحفظ بشریت کیلئے اپنی عظیم قربانی پیش کی ۔مجلس سے ذاکرزین عباس، ذاکرحسن رضاکیانی ، اسدحسنین مشہدی، اعزازنقوی اور دیگر ذاکریں نے بھی خطا ب کیا ۔اختتام مجلس تابوت امام حسن ؑ اور شبیہ ذوالجناح کا جلوس برآمد ہوا۔ اس موقع پر ایک قرارداد کے ذریعے حکومت سے ہفتہ عظمت مصطفی و مجتبیٰ کے پروگراموں بالخصوص 28صفر کو ملک بھر میں برآمد ہونیوالے مرکزی ماتمی جلوسوں کے دوران سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کا مطالبہ کیا گیا۔ قرارداد میں الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا پر زوردیا گیا کہ وہ حضور ختمی مرتبت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ ؐ کے نواسے شہزادہ صلح و امن حضرت امام حسن علیہ السلام کی شہادت کے پروگراموں کو نمایاں کوریج دیں اور اس حوالے سے الیکٹرانک میڈیاخصوصی پروگرام نشر کرے۔انجمن کنیزان امام العصر و الزمان ؑ کے زیراہتمام شعب ابی طالب میں مجلس خواتین سے خطاب کرتے ہوئے آپا سیدہ حسین نے کہا کہ امام حسن مجتبیٰ کی سیرت و کردار پوری انسانیت کیلئے مینارہ نور اوربڑھتی ہوئی ظلمتوں میں امید کی ایک کرن ہے۔انہوں نے کہا کہ آج بھی اگر دنیا اپنے مصائب و آلام کا خاتمہ چاہتی ہے اور صحیح معنوں میں خوشحالی و عوامی فلاح کی خواہاں ہے تو اسے نانا محمد مصطفی ؐاور نواسے امام حسن مجتبیٰ ؐ کے کردار و عمل کی حقیقی پیروی کرنی ہوگی ۔