فاٹا کو قومی دھاڑے میں شامل کرنے کیلئے مضبوط بلدیاتی نظام لائیں گے : شہرام خان ترکئی

فاٹا کو قومی دھاڑے میں شامل کرنے کیلئے مضبوط بلدیاتی نظام لائیں گے : شہرام ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)صوبائی حکومت فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کرنے اور گراس روٹ لیول پر ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے وہاں مضبوط بلدیاتی نظام لارہی ہے جس سے فاٹا کے عوام کی سالہا سال سے جاری محرومیوں کا خاتمہ ہوجائے گا۔ان خیالات کا اظہار خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے ادارہ برائے عالمی ترقی کے ایک وفد سے پشاور میں ملاقات کے دوران کیا۔ا جلاس میں ڈی ایف آئی ڈی کی کنٹری ڈائریکٹر مِس جوآنا ریڈ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ظاہر شاہ اور وفد کے دیگر ارکان موجود تھے۔صوبائی وزیر نے ڈی ایف آئی ڈی کے وفد کو فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد صوبائی حکومت کے اب تک کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے وفد کو بتایا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت فاٹا کی ترقی کے لئے انتہائی سنجیدہ ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے ہر حد تک جائے گی۔شہرام خان ترکئی نے کہاکہ ترقی کے تیز تر اہداف حاصل کرنے کے لئے اقتدار کا نچلی سطح پر منتقل ہونا انتہائی ضروری ہے اسی لئے فاٹا میں سب سے پہلے بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جن میں حلقہ بندیوں کا عمل بھی شامل ہے جو کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر جلد شروع کردیاجائے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ خیبر پختونخوا اور فاٹا میں لایا جانے والا نیا بلدیاتی نظام تیاری کے آخری مراحل میں ہے جس میں بلدیاتی حکومتوں کو پہلے سے زیادہ بااختیار بنایا گیا ہے۔ ادارہ برائے عالمی ترقی کی کنٹری ڈائریکٹر مِس جوآنا نے صوبائی حکومت کے فاٹا کی ترقی کے لئے تجویز کردہ پروگراموں کو سراہااورخیبر پختونخوا اور فاٹا میں لائے جانے واے نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم کے لئے اپنے ادارے کی جانب سے فنڈنگ اور بھرپور ٹیکنیکل سپورٹ کا یقین دلایا۔