مولانا سمیع الحق کا قتل ایک فرد کا نہیں امن کا بھی قتل ہے،عبدالوحید شاہدروپڑی

مولانا سمیع الحق کا قتل ایک فرد کا نہیں امن کا بھی قتل ہے،عبدالوحید شاہدروپڑی

لاہور(نمائندہ خصوصی)جماعت اہلحدیث پنجاب کے امیر حافظ عبدالوحید شاہد روپڑی نے کہا ہے کہ مولانا سمیع الحق کا قتل صرف ایک فرد کا قتل نہیں بلکہ امن کا بھی قتل ہے اور اب حکومت اوردیگر اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کا نوٹس لیں اور جو بھی لوگ ذمہ دارہیں انکو پوری قوم کے سامنے نشانہ عبر ت بنا یاجائے۔ گذشتہ روز ایک تعزیتی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت سی ایسی قوتیں ہیں جو امن وامان کو تباہ کر نے کی سازشیں کر رہی ہیں اور مولانا سمیع الحق کے قتل میں بھی ایسے ہی لوگوں کا ہاتھ ہے ،انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم مولانا سمیع الحق کے قتل پر افسردہ اور متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کی شر یک ہے ۔انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی طاقتیں پاکستان میں اپنا ایجنڈہ مسلط کرنا چاہتی ہیں اور قرار داد مقاصد ،عقیدہ تحفظ ختم نبوت ؐاور تحفظ ناموس رسالت ؐ کے قوانین کیخلاف مصروف عمل ہے اور مسلسل انہیں ختم کروانے کے درپے ہیں جبکہ وہ اپنے ممالک میں توہین مذہب اور توہین رسالت کے واقعات کی سرپرستی کرتی ہیں ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4