آغاسراج درانی کے خلاف ریفرنس کی سماعت 19نومبر تک ملتوی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج نے کہا ہے کہ ن لیگ کے رہنماؤں کی ضمانت ہو رہی ہے کیونکہ وہ زیادہ پیارے ہیں، یہاں سے ضمانت ملے تو مولانا سے جاکر ملاقات کروں۔منگل کو احتساب عدالت میں آغا سراج درانی و دیگر کے خلاف آمدن سے زائداثاثے بنانے سے متعلق ریفرنس پر سماعت ہوئی، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر ملزمان کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔نیب کے تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی، تفتیشی افسر نے بتایا عدالتی حکم پر مفرور ملزمان کے شناختی کارڈ بلاک کردیئے ہیں، مفرور ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں، فاضل جج کی عدم موجودگی کے باعث سماعت بغیر کارروائی 19 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔بعدازاں اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی نے میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مولانا کے دھرنے کے بارے میں کچھ بھی علم نہیں، مولانافضل الرحمان ایک اچھے آدمی ہیں، یہاں سے ضمانت ملے تومولاناسے جاکر ملاقات کروں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے استغفے سے متعلق پارٹی کی جوپالیسی ہے وہی میراموقف ہے، ن لیگ کے رہنماؤں کی ضمانت ہورہی ہے کیونکہ وہ زیادہ پیارے ہیں۔