کراچی ،تین روزہ پاکستان واٹر اینڈ انرجی ایکسپو شروع 

  کراچی ،تین روزہ پاکستان واٹر اینڈ انرجی ایکسپو شروع 

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)تین روزہ پاکستان واٹر اینڈ انرجی ایکسپو وکانفرنس ایکسپو سینٹر کراچی میں شروع ہو گئی۔ وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی نے فیتا کاٹ کر نمائش کا افتتاح کیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ نمائش پرائم ایونٹ منیجمنٹ کے تحت منعقد کی گئی ہے جس کا مقصد پانی اور توانائی کی صنعت میں کاروباری مواقع بڑھانا اور تجارت کو فروغ دینا ہے۔نمائش کے افتتاح کے بعد آرگنائزر ڈائریکٹر پرائم ایونٹ کامران عباسی نے مہمان خصوصی وقار مہدی کو اسٹالز کا دورہ کرایا۔ اس موقع پر صدر کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری شیخ عمر ریحان اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران و نمائش کنندگان بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران وقار مہدی نے غیر ملکی مندوبین سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وقار مہدی نے کہا کہ کراچی میں پانی کا بہت بڑا بحران ہے، سندھ حکومت مسئلے کے حل کے لیے کوشاں ہے۔ وقار مہدی نے کہا کہ ضائع ہونے والے پانی کو دوبارہ قابل استعمال بنایا جاسکتا ہے،اس حوالے سے شہری بھی پانی کو ضائع ہونے سے روکنے میں مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں بہت سے کارآمد حل دیکھے ہیں۔ کراچی کی بہتری کے لیے ٹیکنالوجی کے بارے میں وزیر اعلی کو سفارشات پیش کروں گا۔ اس نمائش سے پانی کے ٹریٹمنٹ کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ نمائش کے منتظم کامران عباسی نے میڈیا کو بتایا کہ نمائش میں 20 غیرملکی اور 70 ملکی کمپنیاں شرکت کررہی ہیں۔ نمائش کے ساتھ پاکستان میں واٹر سیکیورٹی کے موضوع پر کانفرنس بھی منعقد کی گئی ہے۔ کامران عباسی نے بتایا کہ کانفرنس سے ملکی و غیرملکی ماہرین خطاب کریں گے۔ پاک واٹر اینڈ انرجی نمائش جمعرات تک جاری رہے گی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر