سربراہ پاکستان سنی تحریک سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی ملاقات

  سربراہ پاکستان سنی تحریک سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی ملاقات

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک اور ایم کیوایم پاکستان نے کرپشن کے خاتمے شہر کی ترقی اور ملکی اداروں کے استحکام کیلئے وسیع تر عملی اتحاد کے ساتھ کام کرنے کا عزم کیا ہے،یہ عزم سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری سے ایم کیو ایم کے وفد کی قادری ہاؤس پر ملاقات میں کیا گیا۔ایم کیو ایم وفد کی قیادت رکن قومی اسمبلی امین الحق کررہے تھے وفد میں ارکان رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم عبدالحسیب،اقبال مقدم،عادل خان شامل تھے اس موقع پر پاکستان سنی تحریک مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان فہیم الدین شیخ،محمد آفتاب قادری،محمد طیب قادری،محمد سلیم قادری موجود تھے،اس موقع پر ثروت اعجاز قادری نے اس وفد سے ملکی سیاسی معاشی اور سرحدی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد پاکستان کا 70فیصد ریونیو فراہم کرتا ہے مگر آج بھی کراچی کھنڈرات کا منظر پیش کررہاہے،ڈھائی کروڑ کی آبادی اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہے،جس کی تمام تر ذمہ داری وفاقی اور صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے،کیونکہ یہی کراچی صوبے کا90فیصد ریونیو فراہم کرتا ہے،کراچی سمیت ملک کی تعمیر وترقی کیلئے ہماری جماعت نے بلاتفریق مثبت کردار ادا کیا ہے،کراچی کے عوام پینے کے پانی کو ترس رہے ہیں سیوریج کے بوسیدہ نظام کے باعث شہر میں جگہ جگہ گندہ پانی کھڑا ہے،کرپشن کے خاتمے،شہر قائد کی تعمیر وترقی اور اداروں کے استحکام کیلئے مشترکہ طور پر کام کرنے کیلئے تیار ہیں،اداروں کو آئینی طور پر مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں اداروں کی تضحیک کرنے والے ملک کے وفادار نہیں ہوسکتے،موجودہ حکمرانوں کی پالیسیوں پر ہمیں بھی اختلاف ہے مگر ملک کے حالات کو پیش نظر رکھنا ضروری ہے، عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے وفاقی حکومت عوام دوست پالیسیاں استعمال کرئے،مہنگائی اور غربت سے نجات کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں،اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی اور رکن رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم امین الحق نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے شہر کی تعمیروترقی اور اداروں کے استحکام کیلئے ہماری سوچ ایک ہی ہے،تعصبات سے بالاتر ہوکر کراچی کو ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں،سندھ حکومت کا کے4کو مکمل نہ کرنا کراچی کے ساتھ ظلم ہے،کراچی کی عوام کو پینے کا پانی میسر نہیں ہے،سیوریج کا نظام تباہ ہے بلدیاتی اداروں کو فنڈ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور کراچی کے مسائل کے حل کیلئے ہمیں ماضی کی تلخ یادیں بھلا کر اس کی ترقی کیلئے ملک کر کام کرناچاہیے،انہوں نے کہا ماہ ربیع الاول میں قادری ہاؤس آنے کا مقصد جشن عیدمیلاد النبی ﷺ کی مبارک باد دینا اور خوشیاں بانٹنا ہے،وفد نے ثروت اعجاز قادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جشن ولادت ﷺ ہمارے درمیان اتحاد کی علامت ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر