محکمہ ریلورے سانحہ تیز گام میں جاں بحق افراد کے لواحقین کی ہر ممکن مدد کرے: سینیٹ قائمہ کمیٹی 

      محکمہ ریلورے سانحہ تیز گام میں جاں بحق افراد کے لواحقین کی ہر ممکن مدد ...

  



اسلام آباد(آئی این پی)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے نے وزارت ریلوے حکام کو ہدایت کی ہے کہ سانحہ لیاقت پور میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی ہرممکن مددکی جائے،کمیٹی نے کہا ہے کہ اگر ہمیں لگاکہ شفاف تحقیقا ت نہیں ہورہی ہیں تو دوبارہ انکوائری کاحکم دیں گے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر اسد علی خان جونیجوکی سربراہی میں ہوا۔اجلاس میں حالیہ ٹرین حادثہ (سانحہ لیاقت پور)پر حکام نے بریفنگ دینی تھی، تاہم وزارت ریلوے حکام کے کہنے پر اجلاس کوان کیمرہ کردیاگیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین کمیٹی سینیٹر اسد علی خان جونیجونے کہاکہ لیاقت پور ٹرین سانحہ پر ون پوائنٹ ایجنڈا تھا، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کابینہ اجلاس کی وجہ کمیٹی میں شرکت نہ کرسکے اور انہوں نے پہلے سے بتادیا تھا آج کاایجنڈا اہم تھا اس لیے ہم اجلاس ملتوی کرنا نہیں چاہتے تھے،سینئر آفیسر اور سیکرٹری بھی کمیٹی میں آئے،ابھی ابتدائی تحقیقات ہوئی ہیں انہوں نے درخواست کی کہ اس کو میڈیاکے ساتھ شیئر نہ کیاجائے اس لیے کمیٹی بھی ان کیمرہ کردی تھی۔انکوائری رپورٹ 45روز میں مکمل کرنی ہوتی ہے۔ مکمل رپورٹ آنے کے بعد ذمہ داران کا تعین کیاجائے گا،ریلوے حکام نے اب تک جو تحقیقات کی ہیں اس سے کمیٹی مطمئن ہے۔اگر انکوائری میں کوئی کمی رہ گئی تو دوبارہ تحقیقات کروائیں گے،جو اس کے ذمہ دار ہوں گے ان کو سزا ملے گی،کمیٹی نے ہدایت کی ہے کہ فرانزک رپورٹ دو ہفتے کے اندر مکمل کی جائے جس جس طرح میتوں کی شناخت ہوتی ہے انہیں ورثاء کے حوالے کردیا جائے اور اس عمل میں کسی قسم کی مزید تاخیر نہ کی جائے۔

سینیٹ قائمہ کمیٹی

مزید : صفحہ آخر