مانگا منڈی،شاہدرہ ٹاؤن، قتل کی وارداتوں میں ملوث 3ملزم گرفتار

  مانگا منڈی،شاہدرہ ٹاؤن، قتل کی وارداتوں میں ملوث 3ملزم گرفتار

  



لاہور (کرائم رپورٹر)انویسٹی گیشن پولیس مانگا منڈی اور شاہدرہ ٹاؤن نے قتل کی وارداتوں میں ملوث 3ملزم گرفتار کرلئے۔تفصیلات کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس مانگا منڈی نے کارروائی کرتے ہوئے غریب محنت کش آصف کے قتل کی واردات میں مطلوب 2بدنام زمانہ قاتل ڈاکو دانش اور سرور گرفتارکر لیا۔ملزمان نے ڈکیتی کے بعد فرار ہوتے ہوئے خوف و ہراس پھیلانے کی نیت سے اندھا دھندفائرنگ کر دی تھی۔مقتول آصف ندیم فیکٹری میں مزدوری کرتا تھا جو قریبی ہوٹل کی سڑک پر پڑی چارپائی پربیٹھا کھانا کھا رہا تھا۔ملزمان کی اندھادھند فائرنگ کی زد میں آکر غریب مزدور آصف گردن میں گولی لگنے سے موقع پرہی ہلاک ہو گیا تھا۔۔ملزمان پیشہ ور ڈاکو ہیں جنہوں نے دوران تفتیش ڈکیتی اور اقدام قتل کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیاہے۔انویسٹی گیشن پولیس شاہدرہ ٹاؤن نے کارروائی کرتے ہوئے شہری عرفان عرف مانی کو قتل کرنے کی سنگین واردات میں مطلوب اشتہاری ملزم عصمت عرف بھولا گرفتار کر لیا۔

مقتول عرفان رکشہ ڈرائیور تھا جسے منہ بولے باپ مجید نے اپنی بھائی عصمت عرف بھولا کے ساتھ مل کر قتل کر دیا تھا۔

مزید : علاقائی