وزیر خارجہ کی مہاتیر محمد سے ملاقات ، دو طرفہ تعلقات امہ کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال

  وزیر خارجہ کی مہاتیر محمد سے ملاقات ، دو طرفہ تعلقات امہ کو درپیش چیلنجز پر ...

  



اسلام آباد،کوالالمپور (نیوزایجنسیاں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین بہت گہرے دوستانہ تعلقات ہیں ،کوالالمپور کانفرنس کاخیر مقدم کرتے ہیں، کانفرنس کے اغراض و مقاصد تحریک انصاف کی حکومت کے وژن اور پالیسیوں سے گہری مطابقت رکھتے ہیں ،رواں سال پاکستان کے قومی دن کے موقع پر مہاتیر محمد کے دورہ پاکستان کی خوشگوار یادیں ابھی تک لوگوں کے دلوں میں تازہ ہیں ،کشمیر کے مسئلے پر ملائیشیا کے پاکستانی موقف کی غیر متزلزل اور بھرپور حمایت پر ملائیشین وزیراعظم کے ممنون ہیں ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یہ بات منگل کو ملائیشین وزیراعظم تن مہاتیر محمد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، مسلم ممالک کو درپیش چیلنجز سمیت باہمی روابط کے فروغ کے مختلف پہلوو¿ں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے وزیراعظم ملائشیا کو وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے تہنیتی پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ملائشیا کے مابین بہت گہرے دوستانہ تعلقات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال پاکستان کے قومی دن کے موقع پر آپ کے دورہ پاکستان کی خوشگوار یادیں ابھی تک لوگوں کے دلوں میں تازہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کے مسئلے پر ملائیشیا کی طرف سے پاکستانی موقف کی غیر متزلزل اور بھرپور حمایت پر آپ کے ممنون ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر بھی قابل صد ستائش ہے کہ ملائیشیا نے بھارتی دھمکیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اپنا اصولی موقف برقرار رکھا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کوالالمپور کانفرنس کے اقدام کا خیر مقدم کرتا ہے ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان اور حکومت کی طرف سے کوالالمپور کانفرنس کے اغراض و مقاصد کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا دو طرفہ تجارت کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کوالالمپور میں ملائشیا کے وزیر برائے اقتصادی امور داتو سری عظمین علی سے ملاقات کی۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملائشین وزیر کو پاکستان میں کی گئی معاشی اصلاحات اور بیرونی سرمایہ کاروں،بین الاقوامی کمپنیوں کو دی جانے والی مراعات سے آگاہ کیا۔فریقین نے پاکستان اور ملائشیا کے مابین حلال فوڈ ، سائنس ، ٹیکنالوجی، سیاحت اور زراعت سمیت کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ۔

 شاہ محمود قریشی

مزید : صفحہ اول