بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نے مہنگائی کا طوفان برپا کردیا،اشرف بھٹی
لاہور(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی لاہور کے سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار نے مہنگائی کو آسمانوں تک پہنچا دیا ہے پچھلے کئی دنوں سے ہر دوسرے اور تیسرے دن کے بعد حکومت بجلی کے فی یونٹ کی قیمتوں میں فیول ایڈجسمنٹ کے نام پر اضافے پر اضافہ کیے جارہی ہے جبکہ دوسری جانب گراں فروشی بھی عروج پر ہے اور ناجائز منافع خور بھی دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں لیکن نہ جانے حکومت کی پرائس کنٹرول کمیٹیاں کس کو پکڑنے میں لگی ہوئی ہیں۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر مہنگائی اسی رفتار سے ہوتی رہی تو پھر کوئی سیاسی جماعت تو شائد باہر نکلے نہ نکلے لیکن عوام ضرور حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں گے اور مہنگائی کا سونامی لانے والوں کو بہا کر لیجائیں گے۔
ابھی بھی تبدیلی سرکار کے پاس وقت ہے کہ وہ اپنا قبلہ درست کر لے عوام کو ریلیف دیدے وگرنہ مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی عوام اس کو نکال باہر کریں گے اور پھر کوئی بھی ان کو بچانے والا نہیں ہو گا۔