ایک ہی سال میں حکومت کی  ناکامی ثابت ہو چکی، مرزا جاوید

 ایک ہی سال میں حکومت کی  ناکامی ثابت ہو چکی، مرزا جاوید

  



رائے ونڈ (نمائندہ پاکستان)مسلم لیگی رہنما ء ایم پی اے محمد مرزا جاوید نے کہا کہ ایک ہی سال میں حکومت کی ناکامی ثابت ہو چکی ہے۔ عوامی احتجاج میں حکمرانوں کے دل کی دھڑکن مدھم کر دی ہے، حکومت کشمیر اور عوام دونوں کو بھول چکی ہے، تاجروں اساتذہ اور ڈاکٹروں سمیت عوامی احتجاج کا کریڈٹ بھی حکومت کو ہی جاتا ہے، اب تک کوئی عملی قدم اٹھایا نہ لائحہ عمل دیا۔

 انہوں نے کہا کہ کشمیر کو بھارتی علاقہ قرار دینا گمراہ کن ہے،بھارتی نقشہ مسترد کرتے ہیں،مسلم لیگ ن کی جانب سے بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھی جائے گی، انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ نون میاں محمد نواز شریف کی طبیعت بدستور ناساز ہے اور شوگر بھی کنٹرول نہیں ہوسکی،وہ ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر چنار کورٹس میں میڈیا سے کررہے تھے۔مسلم لیگی رہنما ء نے کہا کہ احتجاجی مظاہرین کو کھانا فراہم کرنے کی بات کرنے والے عمران خان آج احتجاجی مظاہرین کو برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ ڈاکٹرز کے احتجاج کے شرکاء پر لاٹھیاں برسائی گئیں،خواتین اساتذہ کو احتجاج کرنے کی پاداش میں جیلوں میں ڈالا گیا اور معمر پنشنرز کو تک نہیں بخشا گیا۔ اگر اب آزادی کے شرکاء پر شب خون مارنے کی کوشش کی گئی تو نتائج کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ نواز لیگ دھرناسیاست کی حمایت نہیں کرے گی،ہم ملک کے اندر جمہوریت کا تسلسل چاہتے ہیں اور ایسے کسی انتہائی اقدام کا حصہ نہیں بنیں گے جس سے جمہوریت خطرے میں پڑنے کا اندیشہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے مارچ اور جلسہ میں شرکت کرکے ان کے موقف کی بھرپور حمایت کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاہم حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، نواز لیگ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر حکومت کے خاتمے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے کہاکہ نوکریاں نہ دینے کی وجہ وفاق کی ناکام پالیسیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں سے جلد چھٹکارا ملے گا،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت جانے سے حالات بہتر ہوجائیں گے،حکومتی ناکامی کے باعث ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے اور انتشار پھیل رہا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4