وفاقی کابینہ، نیشنل الیکٹریکل وہیکل پالیسی، سکھ یاتریوں کیلئے پاسپورٹ کی شرط ختم کرنے کی منظوری 

    وفاقی کابینہ، نیشنل الیکٹریکل وہیکل پالیسی، سکھ یاتریوں کیلئے پاسپورٹ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
 اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی اور میجر جنرل عامر حمید کی ڈی جی رینجرز پنجاب تعیناتی کی کی منظوری دیدی گئی، وفاقی کابینہ نے ای سی سی کے 30اکتوبر کے فیصلوں کی توثیق کرتے ہوئے ملکی تاریخ میں پہلی بار نیشنل الیکٹریکل وہیکل پالیسی، سید علی جاوید ہمدانی کو سی ای او نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی،ڈریپ کے ڈائریکٹر بجٹ اور اکاؤنٹس اظہر علی کے خلاف انضباطی کاروائی کیلئے وفاقی سیکریٹری احمد نواز سکھیرا کو مجاز افسر تعینات کردیاگیا۔وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا اراکین کابینہ اپنے زیر التوا منصوبے جلد از جلد مکمل کریں، اپوزیشن کو اعتراض کا موقع نہیں ملنا چاہیے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 8ایجنڈا آئٹم کی منظوری دی گئی اور سی ڈی اے ری اسٹرکچرنگ کیلئے ایکشن پلان اور ٹائم لائن تیارکرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔اجلاس میں وفاقی کابینہ نے ایک لاکھ الیکٹرک گاڑیاں درآمد کرنے کی منظوری بھی دیدی ہے، 2030 تک پاکستان میں 30 فیصد الیکٹرک گاڑیاں چلانے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی معیشت کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے تمام وفاقی وزارتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 3 ماہ میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے کوششیں کریں اور تمام وزرا اور وفاقی سیکرٹریز اپنی وزارتوں میں عوامی مفادات کو مدنظر رکھیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ اپوزیشن نظام میں اصلاحات نہیں چاہتی،انکا مفاد موجود نظام سے وابستہ ہے، نواز شریف کی صحت پر بورڈ بن چکا،نواز شریف جس مرضی ہسپتال سے علاج کروا لیں،وزیراعظم عمران خان وزیراعظم ہاؤس میں منتقل نہیں ہوئے نہ ارادہ ہے،وزیراعظم ملک میں سیاحت کے فروغ کا عزم رکھتے ہیں،کرتار پور راہداری کی تکمیل مذہبی سیاحت کی طرف ایک قدم ہے،گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کیلئے پاسپورٹ کی شرط ختم کر دی گئی ہے،کرتار پور سے 5ہزار سکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے،وزیراعظم عمران خان ویزا پالیسی میں مزید نرمی کے خواہاں ہیں، وزیراعظم ہر وزارت کی کارکردگی کا خود جائزہ لیں گے اور تمام فیصلوں کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ منگل کو معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کے زیر صدارت کابینہ اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا،وزیراعظم نے وزراء اور محکموں کو آئندہ تین ماہ کیلئے روڈ میپ دیا۔ انہوں نے کہاکہ پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ کے پروگرامز کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے سخت محنت کی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ روزگار کے لیے نئے مواقع اور پالیسی ترتیب دینے کی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم ہر وزارت کی کارکردگی کا خود جائزہ لیں گے،تمام فیصلوں کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ انہوکں نے کہاکہ کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیراعظم تمام سیکرٹریز کو بھی ملیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے معیشت کی گاڑی کو درست سمت میں گامزن کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں جو موجودہ کی کامیابی کی علامت ہے،حکومت نے اصلاحات کا مشکل مرحلہ طے کر لیا ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ عوام کا اصلاحاتی پروگرام کی وجہ سے اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے اصلاحاتی ایجنڈے سے پیچھے نہ ہٹنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ چیلنجز پر قابو پا کر آگے بڑھنا ہے اور چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کرنا ہے،تمام مثبت معاشی اشاریے اس بات کے گواہ ہیں کہ حکومت کی سمت درست ہے۔ انہوں نے کہاکہ جاری خسارے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 50فیصد کمی آئی،غیر ملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ تین سال میں بہتری آئی ہے۔معاون خصوصی نے کہاکہ کابینہ کو بتایا گیا کہ پاکستان میں اقتصادی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں۔معاون خصوصی نے کہاکہ سٹاک مارکیٹ میں بہتری معیشت کے استحکام کی علامت ہے۔انہوں نے کہاکہ ایندھن کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں تیز ہوئیں۔ انہوں نے کہاکہ گردشی قرضوں میں نمایاں کمی ہوئی،2020کے بعد گردشی قرضوں کا خاتمہ کر دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکس گوشواروں میں 25فیصد اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ 5سال مکمل کرنے تک 50لاکھ ٹیکس دہندگان کا ہدف ہے۔معاون خصوصی نے کہاکہ عوام نے افواہوں پر کان نہیں دھرے جس کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ میں بہتری ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ کابینہ نے ای سی سی کے 30اکتوبر کے فیصلوں کی توثیق کی،ملکی تاریخ میں پہلی بار نیشنل الیکٹریکل وہیکل پالیسی کی منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ کابینہ نے سید علی جاوید ہمدانی کو سی ای او نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی تعینات کرنے کی منظوری دے دی،کابینہ نے ڈریپ کے ڈائریکٹر بجٹ اور اکاؤنٹس اظہر علی کے خلاف انضباطی کاروائی کیلئے وفاقی سیکریٹری احمد نواز سکھیرا کو مجاز افسر تعینات کر دیا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم ملک میں سیاحت کے فروغ کا عزم رکھتے ہیں،کرتار پور راہداری کی تکمیل مذہبی سیاحت کی طرف ایک قدم ہے،گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کیلئے پاسپورٹ کی شرط ختم کر دی گئی ہے،کرتار پور سے 5ہزار سکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان ویزا پالیسی میں مزید نرمی کے خواہاں ہیں،سیاحو ں کی آسانی کیلئے ویزا فارم کو از سر نو ترتیب دیا جارہا ہے۔معاون خصوصی نے کہاکہ نادرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ عالمی معیار کے آڈیٹرز سے آڈٹ کرایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ڈی جی رینجرز پنجاب کی تعیناتی کی منظوری دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ سی ڈی اے کو تین ماہ میں اسلام آباد سے متعلق اصلاحات مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی،ڈاکٹر عشرت حسین نے کابینہ کو مقامی حکومتوں کے نظام سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد کیلئے بھی مقامی حکومتوں کا نیا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ اپوزیشن نظام میں اصلاحات نہیں چاہتی،انکا مفاد موجود نظام سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کی صحت پر بورڈ بن چکا،نواز شریف جس مرضی ہسپتال سے علاج کروا لیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان وزیراعظم ہاؤس میں منتقل نہیں ہوئے نہ انکا ارادہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے دورے پر چین کا اہم وفد آیا ہوا ہے،وزیراعظم ہاؤس میں بڑے فنکشن ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم اس گھر کے مکین نہیں ہیں نہ ارادہ رکھتے ہیں۔
وفاقی کابینہ


  اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں، روپے کی قدر بہتر ہورہی ہے، برآمدات بڑھ رہی ہیں، سرمایہ کاروں کی جانب سے حکومتی پالیسیوں اور اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات پر اعتماد نہایت حوصلہ افزا ہے، اس تبدیلی کا اعتراف بین الاقوامی اداروں کی جانب سے کیا گیا،فضا کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے،پی ٹی آئی حکومت کا سب سے بڑا چیلنج اسٹیٹس کو تبدیل کرنا ہے،نیا پاکستان پرانے اور روایتی طریقوں سے نہیں چلایا جا سکتا،تبدیلی کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لئے روایتی طریقوں کو خیر آباد کہہ کر عوام کی فلاح کو مقدم رکھنا ہوگا،سی پیک پاکستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا، سی پیک منصوبوں سے پاکستان میں ترقی کا ایک نیا باب روشن ہوگا۔ منگل کو وزیر اعظم عمران خان نے تمام وفاقی وازرتوں کے سیکرٹریز اور صوبائی چیف سیکرٹری صاحبان سے ملاقات کی جس میں مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ شہزاد ارباب، معاون خصوصی شہزاد اکبر بھی موجود تھے۔سیکرٹری صاحبان نے ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے تجاویز پیش کیں۔وزیر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت سنبھالتے ہی آپ سے ملاقات کی تھی جس کا مقصد حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور ویڑن کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے میں ایک لائحہ عمل تشکیل دینا تھا، ملاقاتوں کا یہ تسلسل جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کے معاشی حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں۔ سرمایہ کار مختلف شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ روپے کی قدر بہتر ہورہی ہے۔ برآمدات بڑھ رہی ہیں۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے حکومتی پالیسیوں اور اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات پر اعتماد نہایت حوصلہ افزا ہے۔ اس تبدیلی کا اعتراف بین الاقوامی اداروں کی جانب سے بھی کیا گیا ہے۔ اس فضا کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ گورننس میں شفافیت اور جدت لانے کے لیے ٹیکنالوجی کو برؤے کار لایا جائے۔انہوں نے کہاکہ مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات نے سول سروس ریفارمز کے حوالے سے بھی اجلاس کو بریف کیا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ان سفارشات کو حتمی شکل دینے کا عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ سول سروس کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔
وزیراعظم 

مزید :

صفحہ اول -