احتساب عدالت پہنچنے میں تاخیر، مریم کے ضمانتی مچلکے آج جمع کرائے جائینگے 

 احتساب عدالت پہنچنے میں تاخیر، مریم کے ضمانتی مچلکے آج جمع کرائے جائینگے 

  



لاہور(نامہ نگار خصوصی)عدالتی وقت ختم ہونے کے باعث احتساب عدالت میں مریم نوا ز شریف کے ضمانتی مچلکے جمع نہ کروائے جاسکے۔جس کے باعث وہ ایک دن مزید قید میں رہیں گی۔مسلم لیگ کے وکیل رفاقت ڈوگرکا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں زر ضمانت اور مریم نواز کا پاسپورٹ جمع کروانے میں وقت لگاجس کے باعث احتساب عدالت میں پہنچنے میں تاخیر ہوئی،مریم نواز کے ضمانتی مچلکے آج 6نومبر کو جمع کروائے جائیں گے۔روبکار کے اجراء کے حوالے سے عدالت عالیہ کے قائم مقام رجسٹرار نے بھی مریم نواز کے وکلاء کی کوئی مدد کرنے سے معذوری ظاہر کردی،اس سے قبل چودھری شوگر ملز ضمانت کیس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے میں مریم نواز کا پاسپورٹ اور سات کروڑ روپے ان کے شوہر کیپٹن (ر)صفدر اور ان کے داماد راحیل نے عدالت عالیہ کے ڈپٹی رجسٹرار (جوڈیشل)کے پاس جمع کروائے۔سات کروڑ روپے میں سے کچھ نقدی اور کچھ پے آرڈرز کی شکل میں پیش کئے گئے۔ رقم گنتی کے بعد لاہورہائیکورٹ کے متعلقہ بینک اکاؤنٹ میں جمع کروا دی گئی جبکہ پاسپورٹ جانچ پڑتال کے بعد ڈپٹی رجسٹرارنے اپنی تحویل میں لے لیااوراس بابت رسید جاری کردی گئی۔مریم نواز کیجانب سے لیگی رہنما فیصل ایوب نے دو کروڑ روپے کے مچلکے جمع کروانے تھے۔ جب مریم نواز کے وکلا ء اور ضمانتی حتساب عدالت پہنچے توانتظامی جج کی عدالت کو تالا لگا ہوا تھا،جس پر لیگی وکلاء قائم مقام رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کے پاس چلے آئے اور ان سے کہا کہ ہمارے کاغذات مکمل ہورہے ہیں عدالتی وقت چار بجے تک ہے،قائم مقام رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے روبکار کے اجرا ء کے حوالے سے معذوری ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ احتساب عدالت کے تمام ججز جا چکے ہیں اس لیے روبکار کا اجرا آج ممکن نہیں۔

ضمانتی مچلکے

مزید : صفحہ اول