وزیراعظم کوبچانے کیلئے تحریک عدم اعتماد کا بھی سامنا کرینگے،شبلی فراز
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی جانب سے وزیراعظم کا استعفیٰ لینے کیلئے تحریک عدم اعتماد سمیت تمام آئینی راستوں کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا استعفیٰ لینا حزب اختلاف کا خواب ہے اور خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔آزادی مارچ سے متعلق شبلی فراز نے کہا کہ مولانا کی قیادت میں آزادی مارچ میں حصہ لینے سے مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی کی سیاست کو شدید دھچکا پہنچا ہے، اب ان کا کردار صرف ہمنوا کا رہ گیا ہے جو پیچھے بیٹھ کر تالیاں بجائے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمن کی انہی باتوں کی توثیق کی جنہوں نے ان کے نانا اور والدہ کو تختہ دار تک پہنچایا، سیاسی جماعتیں تباہ ہونے کی وجہ بنیادی اصولوں سے ہٹ کر اقتدار کی سیاست کرنا ہے اور یہی ان دونوں جماعتوں نے کیا۔ن لیگ اور پی پی پی این آر او چاہتی ہیں پی ٹی آئی کے سینیٹر نے کہا کہ ان دونوں جماعتوں کی جانب سے مفادات کی سیاست کیے جانے کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہوگا کہ جب یہ حکومت میں تھے تب بھی یہ سب مل کر ہمارے مخالف تھے، اب جب کہ پی ٹی آئی برسر اقتدار ہے تو بھی یہ سب مل کر ہماری مخالفت میں اکٹھے ہو گئے ہیں۔
شبلی فراز