دوسراٹی 20: آسٹریلیا نے پاکستان کو 7وکٹوں سے ہرادیا

دوسراٹی 20: آسٹریلیا نے پاکستان کو 7وکٹوں سے ہرادیا

  



کینبرا (آئی این پی)آسٹریلیا نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں میں سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کر لی‘ سٹیون سمتھ کے جارحانہ اور ذمہ دارانہ 80رنز کی بدولت آسٹریلیا نے پاکستان کی جانب سے جیت کیلئے دیا گیا 151 رنز کا ہدف 18.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پر حاصل کر لیا‘ پاکستان کی جانب سے افتخار احمد کے 34 گیندوں پر 62اور کپتان بابر اعظم کے 38 گیندوں پر 50 رنز بھی ٹیم کے کام نہ آئے‘ آسٹریلیا کی جانب سے ایشٹن آگر نے 2‘ پیٹ کمنز اور رچرڈ سن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی‘پاکستان کی جانب سے محمد عرفان‘ عماد وسیم اور محمد عامر نے ا یک ایک وکٹ حاصل کی‘سیریز کا تیسرا اور آخری میچ جمعہ 8 نومبر کو کھیلا جائیگا۔منگل کوآسٹریلیا کے شہر کینبرا میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی 20میچ میں کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ دوسرے ٹی 20میچ میں قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کی ہی ٹیم کو برقرار رکھا گیا، یہی نہیں بلکہ آسٹریلوی ٹیم میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ٹی20ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے فخر زمان کے ہمراہ آسٹریلیا کے خلاف اننگ کا آغاز کیا لیکن فخر زمان تیسرے اوور کی دوسری بال پر صرف 2رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔فخر زمان کے بعد حارث سہیل میدان میں آئے لیکن وہ 9گیندوں پر 6رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔حارث سہیل کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے کپتان بابر اعظم کے ساتھ بیٹنگ لائن کو سنبھالا اور 62کے مجموعی اسکور پر 14رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔بابر اعظم کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑی عماد وسیم نے 11گیندوں پر 11رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ افتخار احمد اور وہاب ریاض ناٹ آؤٹ رہے۔نویں اوور کی تیسری بال پر آصف علی آئے اور وہ بھی 5گیندوں پر 4رنز بناکر گیارہویں اوور کی دوسری بال پر پویلین لوٹ گئے۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پہلے ٹی20 کی کارکردگی کو برقرار رکھا تاہم وہ نصف سنچری بناکر وارنر کی بال پر 106 کے مجموعی اسکور پر رن آٹ ہوگئے۔افتخار احمد نے 5چوکوں اور 3چھکوں کے ساتھ 34گیندوں پر 62رنز بناکر اننگز میں سب سے زیادہ اسکور کیا۔آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے اننگز کا آغاز کیا پاکستان کو پہلی کامیابی 30 کے سکور پر اس وقت ملی جب ڈیوڈ وارنر 20 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ آسٹریلیا کو دوسرا نقصان کپتان ایرون فنچ کی صورت میں 48 رنز کے مجموعی سکور پر اس وقت اٹھانا پڑا جب وہ محمد عرفان کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ آسٹریلیا کی تیسری وکٹ میک ڈرموٹ کی گری جو 106 کے مجموعی سکور پر عماد وسیم کی گیند پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے تاہم ایک طرف وکٹیں گریں جبکہ دوسری جانب سٹیون سمتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے اور 51 گیندوں پر ایک چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ شاندار بلے بازی پر سٹیون سمتھ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ جمعہ 8 نومبر کو کھیلا جائیگا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی