نیوزی لینڈ کی تیسرے ٹی 20میں انگلینڈ کو شکست

نیوزی لینڈ کی تیسرے ٹی 20میں انگلینڈ کو شکست

  



نیلسن(آئی این پی)کولن ڈی گرینڈ ہوم کی نصف سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹی 20 میں انگلینڈ کو 14رنز سے ہرا کر پانچ میچز کی سیریز 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔ انگلش ٹیم 181رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بناسکی، انگلینڈ ٹیم کے ڈیوڈ میلان کی نصف سنچری رائیگاں گئی۔ کولن ڈی گرینڈہوم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی جس میں 5چوکے اور 3چھکے شامل تھے، کولن ڈی گرینڈہوم کو عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔منگل کو نیلسن میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان ٹم ساؤتھی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بعد میں درست ثابت ہوا، کیویز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنا کر مہمان ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 181 رنز کا ہدف دیا، کولن ڈی گرینڈہوم نے دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 گیندون پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 55، مارٹن گپٹل نے 33 اور راس ٹیلر نے 27 رنز بنائے۔انگلینڈ کی طرف سے ٹام کیورن نے دو، ثام کیورن، ثاقب محمود، براؤن اور پارکنسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹون کے نقصان پر 166 رنز بناسکی، ڈیوڈ میلان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 رنز بنائے لیکن وہ اپنی ٹیم کو فتح نہ دلاسکے، ونس 49 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ یوں کیویز نے انگلینڈ کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 14 رنز سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔ نیوزی لینڈ کے فرگوسن اور ٹکنر نے دو، دو جبکہ ایش سودھی اور مچل سینٹنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ کولن ڈی گرینڈہوم کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی