قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے چھٹے راؤنڈ کا دوسرا روز مکمل

  قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے چھٹے راؤنڈ کا دوسرا روز مکمل

  



لاہور (سپورٹس رپورٹر)قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے چھٹے راؤنڈ کا دوسرا روز مکمل ہوگیا سدرن پنجاب نے بلوچستان کے خلاف پہلی اننگز میں 502 رنز بناڈالے ظفر گوہر اور بلال آصف پر مشتمل اسپن جوڑی نے میچ میں سنٹرل پنجاب کی پوزیشن مستحکم کردی سندھ کے فاسٹ باؤلر سہیل خان کے ایک اننگز میں 4 شکار رہیبگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں سدرن پنجاب کے 502 رنز کے جواب میں بلوچستان نے 1وکٹ کے نقصان پر 37 رنز بنالیے ہیں۔ 465 رنز کے خسارے کا شکار بلوچستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر اویس ضیاء آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس سے قبل سدرن پنجاب نے 1 وکٹ کے نقصان پر 283 رنز سے کھیل کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو کپتان سمیع اسلم 168 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں 15 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین عدنان اکمل نے 86 گیندوں پر 80 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 500 سے پار پہنچادیا۔ سدرن پنجاب کی ٹیم 130ویں اوور میں 502 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بلوچستان کی جانب سے محمد اصغر نے5 اور عماد بٹ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں بلوچستان کے بلے باز ٹیم کو متاثر کن آغاز فراہم نہ کرسکے اور اویس ضیاء محض 9 اسکور بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ عمران بٹ 19 اور عظیم گھمن 8 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے تیسرے روز کاآغاز کریں گے۔دوسری جانب اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری میچ کے دوسرے روز سنٹرل پنجاب کو ناردرن کے خلاف دوسری اننگز میں مجموعی طورپر172 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی اور اس کے 2 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔ رضوان حسین اور عمر اکمل دوسری اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔اس سے قبل سنٹرل پنجاب کے 226 رنز کے جواب میں ناردرن کی پوری ٹیم 191 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ حماد اعظم نے 52 اور عمرامین نے 42 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ ناردرن کا کوئی بھی بیٹسمین زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔ سنٹرل پنجاب کے اسپنرز ظفر گوہر اور بلال آصف کی ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار ہے۔ پہلی اننگز میں ظفر گوہر نے 54 رنز کے عوض 4 اور بلال آصف نے 57 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اعزاز چیمہ نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

35 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے دوسرے روز بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور دن کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنالیے ہیں۔ رضوان حسین 69 اور عمر اکمل 53 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ پہلی اننگز میں 8 وکٹیں حاصل کرنے والے ناردرن کے اسپنر نعمان علی دوسری اننگز میں تاحال 1وکٹ حاصل کرچکے ہیں۔ادھر ایبٹ آبادکرکٹ اسٹیڈیم میں سندھ نیپہلی اننگز میں خیبرپختونخوا کے 288 رنز کے جواب میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل 6 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کرنے والی خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم 288 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین ریحان آفریدی نے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی۔ وہ 57رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سندھ کے فاسٹ باؤلر سہیل خان نے 62 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میر حمزہ اور حسان خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں عمیر بن یوسف اور خرم منظور نے سندھ کو 51 رنز کاآغاز فراہم کیا۔ نوجوان اوپنر عمیر بن یوسف نے 10 چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ دن کے اختتام پر سعود شکیل 35 اور فواد عالم 29 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی