ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی پاکستان سے واپس لے لی گئی

ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی پاکستان سے واپس لے لی گئی

  



اسلام آباد(آئی ا ین پی) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے پاکستان اوربھارت کے مابین ہونے والے ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی پاکستان سے واپس لے کر نیوٹرل مقام پر منتقل کرنے کا اعلان کردیا۔غیرملکی خبر رساں ادارے کیمطابق پاکستان اوربھارت کا مقابلہ رواں ماہ کے اختتام پر 29اور 30نومبر کو اسلام آباد میں ہونا تھا۔انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اسے کھلاڑیوں اورآفیشلزکی سیکیورٹی سب سے زیادہ عزیز ہے۔ آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن نے آئی ٹی ایف سے ٹائی کو غیر جانبدار مقام پر منتقل کرنے کو کہا تھا۔ آئی ٹی ایف نے ایک بیان میں کہا کہ "ڈیوس کپ ضابطے کے مطابق اب پاکستان ٹینس فیڈریشن کے پاس غیر جانبدار مقام کو نامزد کرنے کا اختیار ہے اور اس فیصلے کے لیے پاکستان کو 5روز دیے گئے ہیں۔" اس سے قبل یہ مقابلہ 14اور 15ستمبر کو اسلام آباد میں ہونا تھا تاہم آئی ٹی ایف نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باعث اس کی تاریخ آگے بڑھا دی تھی۔بھارت کی جانب سے 5اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا۔ پاکستان نے ہندوستان کے سفیر کو وطن واپس بھیج دیا تھا اور دوطرفہ تجارت اور تمام پبلک ٹرانسپورٹ روابط معطل کردیئے تھے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی