ایک دہائی سے سیکورٹی مسائل اور دہشتگردی کا شکار ہیں، سلطان محمد خان

  ایک دہائی سے سیکورٹی مسائل اور دہشتگردی کا شکار ہیں، سلطان محمد خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلی ہاؤس پشاور میں اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یو این او ڈی سی اور کینیڈین حکومت کی طرف سے خیبرپختونخوا پولیس کو 500 بلٹ پروف جیکٹ اور ہلمٹ کا تحفہ پیش کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی طرف سے صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی اور وزیر قانون سلطان محمّد خان، کینیڈا کی ہائی کمشنر Wendy Gilmour اور یو این او ڈی سی کے کنٹری ریپریزنٹیٹیو Mr. Milson اور دیگر نمائندوں، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر محمد نعیم اور پولیس کے دیگر اعلیٰ اہلکاروں نے شرکت کی۔ وزیر قانون سلطان محمد خان نے خیبرپختونخوا پولیس کے کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک دہائی سے سیکیورٹی مسائل اور دہشتگردی کا شکار رہے لیکن پولیس نے دہشت گردی کا دلیری سے مقابلہ کیا اب خیبرپختونخوا پولیس ویل ایکویپڈ ہو گئی ہے پولیس کے ٹریننگ، پراسیکیوشن، تحقیقاتی اور تفتیشی ادارے بنائے گئے ہیں جن سے پولیس کی کارکردگی اور بھی بہتر ہو گئی ہے اور پولیس ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ یو این او ڈی سی اور کنیڈین حکومت نے ہر دور اور مشکل وقت میں پولیس کی مدد کی ہے۔ وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے صوبائی حکومت سے تعاون کرنے پر کینیڈین حکومت اور یو این او ڈی سی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہیں اور دہشتگردی جہاں بھی ہو اس کا مقابلہ کرینگے۔ ہمارے سیکیورٹی ادارے قابل فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کی بدولت امن آچکا ہے اب ہماری ترقی کا دور شروع ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مشکلات کے باوجود پاک افغان بارڈر کو چوبیس گھنٹے کھول دیا ہے۔ امن و امان کی بہتر صورت حال کے بعد پاکستان میں مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے کوشش کی جارہی ہے۔ پشاور تاریخی شہر ہے اور یہاں سیاحوں کے لیے بہترین ماحول فراہم کر رہے ہیں۔ کنیڈین ہائی کمشنر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عظیم ملک ہے یہاں کے عوام بہادر اور بہت مہمان نواز ہیں یہاں کے عوام اور پولیس نے بہادری کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کیا پولیس کی مدد کرنے پر ہم خوشی محسوس کر رہے ہیں۔پاکستان میں قیام امن کیلئے پولیس اور حکومت کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ صوبائی وزراء اور انسپکٹر جنرل پولیس نے پشاور کا دورہ کرنے پر کنیڈین حکومت اور یو این او ڈی سی کا شکریہ ادا کیا۔