پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات سے ان کی تنگ نظری عیاں ہے، ثمرہارون بلور

پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات سے ان کی تنگ نظری عیاں ہے، ثمرہارون بلور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹی رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کی رکن خیبرپختونخوا اسمبلی ثمر ہارون بلور نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے پختونوں کی مسلسل بے حرمتی اور تضحیک کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے اس قسم کے بیانات ان کی تنگ نظری اور تعصب کو عیاں کررہی ہے۔باچاخان مرکز پشاور سے جاری اپنے بیان میں ثمر ہارون بلور نے کہا کہ آئے روز کسی نہ کسی پی ٹی آئی رہنماء کے منہ سے پختونوں کی بے حرمتی اور تضحیک کے الفاظ نکل جاتے ہیں جو قابل افسوس ہے،پی ٹی آئی کو بطور پارٹی یہ وضاحت دینی ہوگی کہ آیا وہ بحیثیت پارٹی ان بیانات کے ساتھ کھڑی ہے یا یہ ان رہنماؤں کا ذاتی فعل ہے؟ اگر یہ ان رہنماؤں کا ذاتی فعل ہے تو پھر وزیراعظم کو جلد از جلد ان رہنماؤں سے جواب طلبی کرنی چاہیے کہ وہ کیوں پختونوں کے حوالے سے اس طرح کا سوچ رکھتے ہیں۔ثمر ہارون بلور نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی اس زبان درازی کے پیچھے اصل وجہ اُن کے پارٹی کے ساتھ کسی قسم کے نظریے،سوچ اور سیاسی جدوجہد کا نہ ہونا ہے،اگر پی ٹی آئی کسی کے کندھوں پر سوار ہوکر نہ آتی اور اُن کے کارکنان میدان میں سیاسی جدوجہد کرتے تو کبھی بھی یہ ممکن نہ ہوتا کہ اُن کے لیڈران یا کارکنان کسی قوم کیلئے ایسے ہتک آمیز الفاظ استعمال کرتے۔انہوں نے کہا پی ٹی آئی لیڈرز کا یہ رویہ اُن پی ٹی آئی رہنماؤں کیلئے بھی قابل فکر ہے جو اپنے آپ کو پختون کہتے ہیں اور یہ کہتے نہیں تھکتے کہ آج پورے ملک میں پختونوں کی حکومت ہے،اگر واقعی یہ پختونوں کی حکومت ہوتی تو کیا آج پی ٹی آئی لیڈرز پختون قوم کے حوالے سے ایسے الفاظ استعمال کرتے؟انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی وزراء اور قیادت کے اس رویے سے پاکستان میں نفرت ہی پھیلے گی اور حکمرانوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان ایک فیڈریشن ہے اور اگر اس فیڈریشن میں معاملات نفرت کے بنیاد پر چلنے لگے تو پھر پاکستان کو کوئی بھی ایک مسئلے پر اکھٹا نہیں کرسکتا۔