40ہزار روپے مالیت کے 210ارب کے پرائز بانڈز حکومت کو واپس
اسلام آباد(اے پی پی) حکومت کی جانب سے 40 ہزارروپے مالیت کے بانڈز کو ختم کرنے کے بعد31 اکتوبر 2019ء تک 40 ہزار روپے مالیت کے بانڈز میں سرمایہ کاری کرنے والوں نے 210 ارب روپے مالیت کے بانڈز واپس کئے ہیں، ان بانڈز میں سرمایہ کاری کا مجموعی حجم 259 ارب روپے ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کے مطابق جولائی 2019ء اور اگست 2019ء میں ان بانڈز میں سرمایہ کاری کرنے والوں نے بالترتیب 40 اور112 ارب روپے مالیت کے بانڈز واپس کئے۔سٹیٹ بنک نے رواں سال 24 جون سے تمام کمرشل بنکوں کو 40 ہزار روپے مالیت کے بانڈز فروخت بند کرنے کا سرکلر جاری کیاتھا، ان بانڈز کو آئندہ سال 31 مارچ تک کیش یا واپس لینے کی مہلت دی گئی ہے۔ چند ماہ قبل مختلف سرٹیفیکٹس اورسکیموں پر منافع کی شرح بڑھا دی گئی تھی تاکہ شہریوں کو قومی بچت کی طرف راغب کیا جاسکے۔