کسی تاجر کو ہراساں نہیں کیا جائے گا‘ ڈی جی ایکسائز راولپنڈی

کسی تاجر کو ہراساں نہیں کیا جائے گا‘ ڈی جی ایکسائز راولپنڈی

  



راولپنڈی (بیورورپورٹ)کسی تاجر کو ہراساں نہیں کیا جائے گا، کوئی بھی کاروباری مرکز سیل کرنے سے پہلے انجمن تاجران اور چیمبر کو مطلع کیا جائے گا۔ڈیٹا کمپیوٹرائزیشن ہو چکا ہے، ہماری کوشش ہے کہ اسکی استعداد کار بڑھائی جائے اور اسے غلطی سے پاک کیا جائے۔ دکان کی لوکیشن کے مطابق ٹیکس سلیب متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سہیل ارشد نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر تاجروں کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں پراپرٹی ٹیکس، پروفیشنل ٹیکس، دوہرے ٹیکس، فیلڈ آفیسرز کے صوابدیدی اختیارات، ون ونڈو سہولت اور ٹیکس سلیب پر تفصیل کے ساتھ بات چیت کی گئی۔ ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سہیل ارشد نے اجلاس کے شرکاء کو یقین دلایا کہ چیمبر آف کامرس اور انجمن تاجران کی تجاویز کو ترجیح دی جائے گی۔ اس موقع پر صدر چیمبر صبور ملک نے کہا کہ تاجربرادری کاروبار کو دستاویزی شکل دینے اور ٹیکس کولیکشن کے خلاف نہیں ہے تاہم انہیں ہراساں نہ کیا جائے، کاروبار ی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ ٹیکس کولیکشن نظام آسان اور تاجر دوست بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ دہرے ٹیکسوں کے خاتمے اور ٹیکس نوٹسسز کے حوالے سے چیمبر اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ پر مشتمل کمیٹی کے قیام کا اعلان خوش آئند ہے اس سے کئی مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

 انہوں نے کہا کہ فیلڈ آفیسرز کے صوابدیدی اختیارات کم کیے جائیں، تھر ی ویلر لوڈرز کی رجسٹریشن اور لائسنس کے اجراء کا عمل آسان کیا جائے۔ اس موقع پر گروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر نوشیروان خلیل، نائب صدر حمزہ سروش، انجمن تاجران کے نمائندے اور چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔ 

مزید : کامرس