پٹرولیم مصنوعات کی فروخت 7فیصد کمی کیساتھ 97۔5ملین ٹن ہو گئی 

پٹرولیم مصنوعات کی فروخت 7فیصد کمی کیساتھ 97۔5ملین ٹن ہو گئی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈ ی رپورٹر)رواں مالی سال کے پہلے 4ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت میں 7فیصد کمی ہوئی ہے۔آئل کمپنیز ایڈوائزری کمیٹی (او سی اے سی) کے اعدادو شمار کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2019ء  کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کا حجم 5.97 ملین ٹن تک کم ہوگیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا اکتوبر 2018ء  کے دوران 6.41ملین ٹن فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی چار مہینوں کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت میں 0.44 ملین ٹن یعنی 7فیصد کمی ریکارڈ  کی گئی۔ دریں اثنا ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں اکتوبر کے دوران 19فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ رواں مالی سال کے ابتدائی چار مہینوں کے دوران ڈیزل کی فروخت میں 14 فیصد کمی ہوئی ہے۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیز (او ایم سی) کے اعدادو شمار کے مطابق ستمبر 2019ء کے مقابلہ میں اکتوبر 2019ء میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں 19 فیصد اضافہ ہوا ہے تاہم اکتوبر 2018ء کے مقابلہ میں اکتوبر 2019ء کے دوران فروخت 10 فیصد کم رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ مالی سالوں کے ابتدائی چار مہینوں میں ڈیزل کی سب سے زیادہ فروخت مالی سال 2018ء میں ریکارڈ کی گئی جبکہ جولائی تا اکتوبر 2017ء کے دوران ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت 31 لاکھ 42 ہزار ٹن تک پہنچ گئی تھی۔ اس طرح مالی سال 2018ء کے مقابلہ میں جاری مالی سال 2020ء کے پہلے چار ماہ کے دوران ڈیزل کی فروخت میں 30 فیصد کمی ہوئی ہے اور جاری مالی سال میں جولائی تا اکتوبر 2019ء کے لئے فروخت کا حجم 21لاکھ 88 ہزار ٹن تک کم ہوگیا۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2016ء کے پہلے چار ماہ کے دوران ڈیزل کی فروخت 23لاکھ 74 ہزار ٹن رہی تھی جبکہ مالی سال 2017ء کے اسی عرصہ کے دوران 26لاکھ 56ہزار ٹن ڈیزل فروخت کیا گیا تھا۔ او ایم سی کے مطابق مالی سال 2018ء کے پہلے چار ماہ میں ڈیزل کی فروخت 31لاکھ 42 ہزار ٹن کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی۔ جبکہ گزشتہ مالی سال 2019ء میں جولائی تا اکتوبر کے لئے فروخت کا حجم 25 لاکھ 50ہزار ٹن رہا ہے اور جاری مالی سال 2020ء کے اسی عرصہ کے دوران فروخت 21لاکھ 88 ہزار ٹن تک کم ہوگئی۔ اس طرح گزشتہ پانچ مالی سالوں کے ابتدائی چار مہینوں کے اعدادو شمار کے مطابق مالی سال 2018ء میں ڈیزل کی ریکارڈ 31 لاکھ 42 ہزار ٹن فروخت ہوئی۔
جبکہ رواں مالی سال میں فروخت کا حجم سب سے کم 21 لاکھ 88 ہزار ٹن رہا ہے۔

مزید :

کامرس -