نئے پاکستانی مندوب منیر اکرم نے سیکرٹری جنرل کو سفارتی اسناد پیش کردیں

نئے پاکستانی مندوب منیر اکرم نے سیکرٹری جنرل کو سفارتی اسناد پیش کردیں

  



نیویارک(ڈیلی پاکستان آن لائن) اقوام متحدہ میں نئے پاکستانی مستقل مندوب منیراکرم نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریز کو اپنی سفارتی اسناد پیش کردیں۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر میں سفارتی اسناد پیش کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر پاکستان کے نئے مندوب نے اپنی سفارتی اسناد یو این سیکرٹری جنرل کو پیش کیں۔اس موقع پر انتونیو گوتیرز کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کا ایک اہم رکن ہے، نئے مستقل مندوب کا استقبال کرکے خوشی محسوس ہورہی ہے، امید ہے منیر اکرم تعلقات کو مزید بہتر بنائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں ملیحہ لودھی کی جگہ منیر اکرم کو پاکستان کا مستقل مندوب مقرر کیا تھا۔اس حوالے سے ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ دنیا کے سب سے اہم فورم پر ملک کی نمائندگی کرنا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے نئے مستقل مندوب منیراکرم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کے دورے کے موقع پر ملنے والی پذیرائی پر بے حد ممنون ہیں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی سینئر سفارت کار رہی ہیں اور انہیں دسمبر2014 میں اقوام متحدہ میں مستقل مندوب تعینات کیا گیا تھا اور انہوں نے فروری 2015 سے ذمہ داریاں سنبھالیں تھیں۔

مزید : قومی /علاقائی /اسلام آباد