آزادی دھرنا ، پی ٹی آئی رہنما اسد عمر بھی میدان میں آ گئے ، بڑا اعلان کر دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہاہے کہ آئین میں ر ہ کر احتجاج کرنا مولانا کا حق ہے ، ان کو ویلکم ہے ، حکومت نے ان کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اسد عمر کا کہناتھا کہ مذاکرات کا نتیجہ اصول کی بنیاد پر ہی نکلے گا ، اگر جذبات کی بنیاد پر فیصلے چاہیں گے تو حل نہیں نکلے گا ، آئین کے دائر ے میں رہ کر احتجاج یا حکومت پر تنقید کرنا چاہتے ہیں تو یہ ان کا حق ہے ، ان کو ویلکم ہے حکومت نے ان کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈلی ۔ ان کا کہناتھا کہ یہ چار دن بیٹھیں یا پھر ایک مہینہ ، اس کا فیصلہ دھرنے والوں نے ہی کرناہے۔
یاد رہے کہ کچھ دیر قبل وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث دھرنا مظاہرین کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں شہر اقتدارمیں شدید بارش پر چیئرمین سی ڈی اے کو فوری دھرنے کے مقام کے دوران کی ہدایت کردی۔وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیں،وزیراعظم نے دھرنے کے شرکا کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موسم کی تبدیلی اور بارش کے پیش نظر شرکا کو ریلیف فراہم کیا جائے۔