پی آئی اے کے5 ملازمین گرفتار، شرمناک وجہ بھی سامنے آگئی

پی آئی اے کے5 ملازمین گرفتار، شرمناک وجہ بھی سامنے آگئی
پی آئی اے کے5 ملازمین گرفتار، شرمناک وجہ بھی سامنے آگئی

  



کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان کی قومی ایئرلائن کے مسافروں کے بک کرائے گئے بیگز توڑ کر قیمتی سامان چوری کرنے والے پی آئی اے کے 5 ملازمین کو ایئرپورٹ پولیس نے گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے خاتون مسافر کے چوری کیے گئے زیورات، نقدی اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

کراچی ایئرپورٹ تھانے کے ایس ایچ او کلیم موسیٰ کے مطابق تھانے میں ایک شہری میاں مصطفٰی کمال نے شکایت درج کرائی تھی کہ ان کی اہلیہ قرۃالعین 30 اکتوبر کو کراچی سے پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 356 سے پشاور گئی تھیں۔جب پشاور پہنچ کر انہوں نے بیلٹ سے سامان لیا تو سوٹ کیس ٹوٹا ہوا تھا، انہوں نے سامان چیک کیا تو اس میں سے زیورات اور دیگر چیزیں غائب تھیں، سامان غائب ہونے پر خاتون نے ایئرلائن کو شکایت درج کرائی۔

روزنامہ جنگ کے مطابق کراچی کے ایئرپورٹ تھانے میں درج کرائی گئی شکایت پر پولیس نے کارروائی کرکے ایئرلائن کے لوڈرز کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تو ملزمان کا سراغ مل گیا، مزید تفتیش کے دوران ملزمان سے مسروقہ سامان بھی برآمد کرلیا گیا۔ایس ایچ او ایئرپورٹ کلیم موسیٰ کے مطابق ملزمان شاہد مسلم، طفیل، مشرف، پرویز اور تنویر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے واردات جہاز میں سامان لوڈ کرنے کے دوران جہاز کے اندر ہی کی تھی جبکہ پولیس کی جانب سے مزید تفتیش جاری ہے۔پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ ایچ خان کے مطابق واقعہ ان کے علم میں نہیں، معلومات حاصل کرکے وہ آگاہی دیں گے۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی