بابراعظم نے شاندار اعزاز اپنے نام کر لیا، پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند ہو گیا
کینبرا (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک سال میں 1600 ٹی 20(انٹرنیشنل و ڈومیسٹک) رنز بنانے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں جبکہ ان سے قبل یہ اعزاز صرف ویرات کوہلی اور کرس گیل کے پاس تھا۔
تفصیلات کے مطابق بابر اعظم رواں سال بھرپور فارم میں دکھائی دئیے اور اپنی شاندار بلے بازی سے مسلسل نئے ریکارڈز بناتے جارہے ہیں۔قومی ٹیم کے کپتان نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں 50 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر رواں سال پروفیشنل ٹی 20 میں اپنے 1600 رنز مکمل کر لئے ہیں۔
بابر اعظم ایک سال میں 1600 ٹی 20 رنز بنانے والے پہلے پاکستانی اور مجموعی طور پر دنیا کے تیسرے کرکٹر ہیں، ان سے قبل ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے 2015ءمیں 1,665 اور بھارت کے ویرات کوہلی نے 2016ءمیں 1,614 رنز بنائے تھے۔ بابر اعظم رواں سال 1,601 رنز بناچکے ہیں اور ان کے پاس کرس گیل کا ریکارڈ توڑنے کیلئے ایک اور اننگز باقی ہے۔
بابر اس سال ٹی 20 میچز میں 3 سنچریاں سکور کرنے والے پہلے پاکستانی بنی بن گئے ہیں، مجموعی طور پر 2019ءمیں انہوں نے 38 ٹی 20اننگز میں 15 مرتبہ 50 یا اس سے زائد سکور کیا جو ان کی بہترین فارم کی نشاندہی کرتا ہے۔