مقامی حکومتوں کا نیا نظام عوام کو بااختیار بنانے میں انقلاب برپا کرے گا:وزیر اعظم عمران خان

مقامی حکومتوں کا نیا نظام عوام کو بااختیار بنانے میں انقلاب برپا کرے گا:وزیر ...
مقامی حکومتوں کا نیا نظام عوام کو بااختیار بنانے میں انقلاب برپا کرے گا:وزیر اعظم عمران خان

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)  وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت کے نئے مقامی حکومت کے مجوزہ نظام پر بریفنگ دی گئی ، اجلاس میں وزیرِ تعلیم شفقت محمود،  وزیرِ اعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ محمد شہزاد ارباب، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفراللہ مرزا، معاون خصوصی علی نواز اعوان، ایم این اے اسد عمر، ایم این اے راجہ خرم نواز و دیگر شریک ہوئے۔

وزیرِ اعظم کو اسلام آباد کیلئے تجویز کردہ نئے لوکل گورنمنٹ  نظام کے خد وخال پر بریفنگ دی گئی، وفاقی دارالحکومت کے لئے تجویز کردہ مقامی حکومت کے نئے نظام کا مقصد  میئر کی سربراہی میں عوام کے منتخب کردہ نمائندوں کو مکمل طور پر بااختیار بنا کر ایک ایسا نظام رائج کرنا ہے جو وفاقی دارالحکومت کی تعمیر و ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کو یقینی بنا سکے۔ وزیرِ اعظم کوبریفنگ  میں بتایا گیا کہ نئے نظام میں میئرکا انتخاب براہ راست الیکشن کے ذریعے کیا جائے گا، دارالحکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور روزمرہ کے معاملات کی ذمہ داری میئر کو سونپی جائے گی۔  وزیرِ اعظم نے وفاقی دارالحکومت کے لئے مقامی حکومت کے نئے نظام کے حوالے سے تجاویز کو سراہتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا مقامی حکومتوں کا نیا نظام عوام کو بااختیار بنانے میں انقلاب برپا کرے گا،انہوں نے کہاکہ مقامی حکومتوں کے نئے نظام کا مقصد اختیارات کولوکل سطح پر منتقل کرنا ہے تاکہ تعمیر و ترقی اور مسائل کا حل  جلد از جلد ہو۔ 

مزید : اہم خبریں /قومی