نرسنگ کی طالبہ کی پانی والی ٹینکی پر چڑھ کر خود کشی کی کوشش
نارووال(ڈیلی پاکستان آن لائن) نارووال میں نرسنگ کی نوجوان طالبہ کی پانی والی ٹینکی پر چڑھ کر خود کشی کی کوشش، پولیس اور ریسکیو نے کامیاب مذاکرات کے بعد بحفاظت نیچے اتار لیا۔
تفصیلات کے مطابق نرسنگ ہاسٹل میں رہائش پذیر سیکنڈ ائیر کی طالبہ سلمیٰ مبینہ طور پر پرنسپل کے ناروا رویہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پانی کی ٹینکی پرچڑھ گئی۔ طالبہ کے مطابق اس نے پرنسپل کے خلاف آواز اٹھائی تھی جس کی پاداش میں پرنسپل نے اس پر مختلف الزامات لگائے جس سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے یہ قدم اٹھایااور ٹینکی پر چڑھ کر خود کشی کی کوشش کی۔ طالبہ کے اس اقدام پر پولیس اور ریسکیو کو طلب کیا گیا جس نے ٹینکی پر چڑھ کر طالبہ سے مذاکرات کیے اور اسے بحفاظت نیچے لے آئے۔سکول پرنسپل کا موقف ہے کہ مختلف الزامات پر طالبہ کے خلاف انکوائری چل رہی ہے۔ پولیس تھانہ صدر کے مطابق طالبہ کے خود کشی کی کوشش پرنسپل کا ناروا رویہ بتا یا جاتاہے۔