وسیم اکرم نے کراچی کنگز کے آنجہانی کوچ ڈین جونز سے متعلق ایسا اعلان کر دیا کہ ہر آنکھ نم ہو جائے

وسیم اکرم نے کراچی کنگز کے آنجہانی کوچ ڈین جونز سے متعلق ایسا اعلان کر دیا کہ ...
وسیم اکرم نے کراچی کنگز کے آنجہانی کوچ ڈین جونز سے متعلق ایسا اعلان کر دیا کہ ہر آنکھ نم ہو جائے
سورس: Twitter

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور آل راﺅنڈر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ میں کراچی کنگز کا ہیڈ کوچ ہوں گا لیکن ڈین جونز کی جگہ نہیں بیٹھ سکتا، میرے ساتھ والی کرسی ڈین جونز کی یاد میں خالی رہے گی۔ 

تفصیلات کے مطابق وسیم اکرم نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کراچی کنگز اپنے ہیڈ کوچ ڈین جونز کو مس کرے گی، تمام کھلاڑی آفیشلز ڈین جونز کو مس کرتے ہیں، دنیا کے بہتر سے بہترین کوچ بھی ڈین جونز کی جگہ نہیں لے سکتے، دنیا بھر میں ڈین جونز نے ہماری منفرد پہچان بنائی، پی ایس ایل فائیو کے بقیہ میچز کیلئے میں کراچی کنگز کا ہیڈ کوچ ہوں گا لیکن ڈین جونز کی جگہ نہیں بیٹھ سکتا اور میرے ساتھ والی کرسی ڈین جونز کی یاد میں خالی رہے گی۔ 

واضح رہے کہ پی ایس ایل فائیو میں کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دینے والے ڈین متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں ایک چینل کیلئے کمنٹری کی غرض سے بھارت میں موجود تھے جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ 

ان کے انتقال کے بعد کراچی کنگز نے رواں ماہ کراچی میں ہونے والے میچز کے دوران آنجہانی آسٹریلین کرکٹر ڈین جونز کا خلاءپر کرنے کیلئے سابق کپتان وسیم اکرم کا انتخاب کیا جو اس سے قبل کراچی کنگز کے صدر اور باﺅلنگ کوچ کی حیثیت سے کام بھی کر چکے ہیں لیکن اس بار ہیڈ کوچ کے فرائض سرانجام دینگے۔

مزید :

کھیل -